واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس کے 18 ہزار 691 نئے کیسز رپورٹ، مزید 4 سو افراد ہلاک۔ امریکہ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 126 ہو گئی، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 695 ریکارڈ۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ سے انتہائی تشویشناک خبر موصول ہوئی ہے جس میں کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہو گئی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 1 لاکھ 4 ہزار 126 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ امریکہ میں وائرس زدہ مزید 4 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 سو 95 ہو گئی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت ایکٹو کیسز کی تعداد 99 ہزار 909 ہے جبکہ 2 ہزار 463 افراد شدید بیماری کی حالت میں ہیں۔ جبکہ امریکہ میں اب تک وائرس سے متاثرہ 2 ہزار 522 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ مزید تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور وہاں پر اب تک مجموعی طور پر 81 ہزار 394 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3295 ریکارڈ کی گئی ہے۔
چین میں کورونا وائرس کے پھیلا میں رواں ماہ مارچ میں حیران کن کمی آئی اور رواں ماہ کے وسط تک ووہان سے ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا جس کے بعد ووہان سے لاک ڈان کو بھی سلسلہ وار ختم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کو چینی وائرس قرار دینے والے ملک امریکہ میں حیران کن طور پر اس مرض سے سب سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔
27 مارچ کی صبح تک امریکہ میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 85 ہزار سے زائد ہو گئی تھی جو کہ اب 1 لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اس وبا کے مرکز سمجھے جانے والے ملک چین سے بھی زیادہ ہو گئی اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ میں اس مرض سے ہلاکتیں بھی چین سے بڑھ جائیں گی کیوں کہ امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست نیویارک میں ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو یارک میں کورونا کے مریضوں کے لیے درکار وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کے باعث دو مریضوں کے لیے ایک ہی وینٹی لیٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ گورنر اینڈریو کومو نے اعلان کیا تھا کہ نیویارک کے اسپتالوں میں کورونا کے دو مریضوں کا ایک ہی وینٹی لیٹر سے علاج کیا جا سکے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آئیڈیل صورت حال نہیں ہے لیکن اس سے کام چل سکتا ہے کیونکہ آنے والے ہفتوں میں نیو یارک میں 30 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔