|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2020

بھاگ: پیرامیڈیکل اسٹاف شیخ زید ہسپتال کے صدر سلام بلوچ نے اپنے بیان میں کہاکہ صوبہ بھر میں پیرامیڈیکس بلاخوف وخطر اپنے عوام کو کورونا وائرس کی وباء سے بچانے اور ان کے علاج معالجہ میں مصروف ہیں۔

کورونا وائرس سے پیرا میڈیکس کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں صوبہ پنجاب اور گلگت بلتستان حکومت نے خصوصی الاؤنسز کا اعلان کیاہے لیکن بلوچستان میں سہولتیں اور الاؤنس دینے کی بجائے کورونا وائرس فنڈز کیلئے تنخواہوں سے بھی کٹوتی کی گئی ہے۔

جوکہ انتہائی افسوسناک عمل ہے اس مشکل کی گھڑی میں کام کرنے والے شیخ زید ہسپتال کے ملازمین کو رسک الاؤنس دیاجائے انہوں نے کہاکہ ہم مشکل حالات سے گزررہے ہیں اس کے باوجود ہم اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے ہیں بدقسمتی سے ہمارے صوبائی حکومت اس سلسلے میں خاموش ہے۔

ہم مزید خاموشی برداشت نہیں کرینگے اگر ہنگامی بنیادوں پر ہمارے ملازمین کیلئے پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا تو ہم شیخ زید ہسپتال کے ملازمین دیگر تنظیموں سے ملکر احتجاج کا اعلان کرینگے جو ہماری جمہوری حق ہے جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔