|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2020

کوئٹہ: ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دفعہ 144اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا جنہیں بعد میں حکومتی احکامات کی روشنی میں چھوڑ دیا گیا تھا کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

کیونکہ قانون سب کیلئے برابر ہے ان خیالات کااظہارانہوں نے صحافیوں سے ڈاکٹروں کی گرفتاری کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کیاگیا ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بھی 5افراد سے زائد کے مجموعے پر پابندی عائد ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے زبردستی سول ہسپتال کا گیٹ توڑتے ہوئے سی ایم ہاؤس کی طرف نکل گئے جنہیں پولیس اہلکاروں نے گورنر ہاؤس کی چوک پر روک کر ریڈ زون میں داخل ہونے سے منع کیا تھا جبکہ احتجاجی ڈاکٹرز بضد تھے کہ سی ایم ہاؤس تک مارچ کرینگے۔

اس وقت ریڈ زون میں عوام کے ہجوم پر پابندی عائد ہے جن کی وجہ سے ڈاکٹروں کو وہی پر روکنے کیلئے کہاتھا جبکہ انہوں نے زبردستی کرتے ہوئے ریڈ زون میں گھسنے کی کوشش کی تھے جس کے باعث پولیس اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں بند کر دیا تھا جنہیں بعد میں حکومتی احکامات کی روشنی میں رہا کر دیا کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔