کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری سابق اسپیکر جمال شا ہ کاکڑ نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کیل ئے ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف جنگ ڈاکٹروں کو گرفتار یا تشدد کرکے نہیں بلکہ انہیں حفاظتی سامان مہیا کر کے جیتی جا سکتی ہے ڈاکٹروں سمیت پیرامیڈیکس عملے کو مسلم لیگ (ن) ہر ممکن معاونت اور ضروری آلات فراہم کریگی۔
یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں پر تشدد کرکے حکومت نے انسانیت کی جان بچانے والوں کی تذلیل کی ہے جو ناقابل برداشت ہے اس وقت ڈاکٹر اور صحت کی عملہ کورونا وائرس کیخلاف اولین دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
صوبے میں اب تک 15ڈاکٹر اور 1ایک ٹیکنشین کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں لیکن ہماری حکومت اس قدر بے حس ہے کہ انہیں حفاظتی کٹس تک مہیا نہیں کر رہی،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے پر امن طور پر اپنی حفاظت کا مطالبہ کیا جارہا تھا جو کہ انکا جمہوری حق ہے حکومت بجائے اسکے کہ ان سے مذاکرات کرتی اور حفاظتی سوٹ مہیا کر کے حوصلہ افضائی کرتی۔
ڈاکٹر وں اور پیدامیڈیکس پر تشدد کرکے انہیں گرفتار کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان ایک طرف ڈاکٹروں کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف ان پر تشدد اور گرفتار کیا جاتا ہے حکومت کی دوغلی پالیسی سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف ہمارے ہیرو اور قوم کا مسیحا ہیں ہم ہر قدم پر انکے ساتھ کھڑے ہیں ہم اعلان کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی جو بھی ضروریات ہیں مسلم لیگ(ن)انہیں پورا کریگی۔
آئندہ چند روز میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے فراہم کردہ سامان کوئٹہ پہنچ جائیگا جس کے بعد ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور عملے کوحفاظتی کٹس فراہم کی جائیں گی، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت اپنے روئیے پر نہ صرف معافی مانگے بلکہ محکمہ صحت اور انتظامیہ کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔