کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج رات اپنے پیاروں کو جواس فانی جہاں کو چھوڑ کر مالک حقیقی سے جاملے ہیں ان کی مغرفت کیلئے گھروں میں بیٹھ کر دعا کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس اورشب برات کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ شب برات مغفرت اوررحمت کی رات ہے، رب العزت ہماری دھرتی کوشاد آباد رکھے اورمصیبتوں سے نجات عطا فرمائے، عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ شب برات پر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بزرگوں اورملک و قوم کیلئے دعائیں کریں، آج رات اپنے پیاروں کو جو اس فانی جہاں کوچھوڑکرمالک حقیقی سے جا ملے ہیں ان کی مغرفت کیلئے گھروں میں بیٹھ کردعا کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سماجی فاصلہ اختیارکرتے ہوئے ہی کورونا وائرس سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، اللہ پاک ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورعلما کرام کو درخواست ہے کہ وہ ٹی وی چینلزکے ذریعے شب برات کی فضیلت پر بات کریں۔
مراد علی شاہ نے وڈیومیں بتایا کہ کورونا وائرس کے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 مریض سامنے آئے ہیں، آج کورونا کے خلاف جنگ میں 2 لوگ زندگی کی بازی ہارگئے، کورونا وائرس کے سبب ابھی تک 20 اموات ہوچکی ہیں، ہم نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 758 ٹیسٹ کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد 10981 ہے، 50 نئے کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں کیسز کی کل تعداد 1036 ہوگئی ہے، 382 مریض گھروں میں آئیسولیشن ہیں، 97 مریض مختلف آئیسولیشن سینٹرز میں ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی بھر پورکوشش کررہے ہیں، لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے، آپ احتیاط کریں، اگرہم اپنی مدد آپ نہیں کریں گے تو ہماری مدد کوئی نہیں کرے گا، ایک بار ھرعوام سے گزارش ہے کہ سماجی دوری اختیار کریں اورگھروں میں رہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے میڈیکل سیکٹرکے 9 رکنی اعلیٰ سطحیٰ وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کے خلاف زبردست جنگ کرکے اس کو شکست دی، میں آپ کی کامیابی پرآپ کو مبارک بناد دیتا ہوں اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے، ہم اپنی ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھا رہے ہیں، ہمارے بہت ہی محدود وسائل ہیں، ہم 2040 ٹیسٹ یومیہ کرسکتے ہیں اور بغیر علامات کے بھی کورونا وائرس کے مریض ظاہر ہوئے ہیں۔
چینی وفد نے کہا کہ لوگوں کو کہیں کہ گھروں کی کھڑکیاں کھول کرقدرتی ہوا لیں، چین کی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر قسم کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ ایسے مریضوں کا بھی آئیسولیشن میں رہنا ضروری ہے، راشن کی تقسیم میں بھی ہجوم نہیں ہونا چاہیئے۔ جب تک آپ کی عوام سماجی دوری اورنظم و ضبط کا مظاہرہ نہیں کرے گی وائرس ختم نہیں ہوگا۔