ڈھاڈر: آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی 15اپریل کے بعد از خود ٹرانسپورٹ بحال کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں حکومت عوام کے مشکلات میں اضافہ کررہی ہے کرونا وائرس کے نام پر ٹرانسپورٹرز کو بھی نان شبیبہ کا محتاج بنایا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب ٹوڈی سروسز جاری ہیں جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈھاڈر ٹرانسپورٹرز کے تحصیل صدر میر اسلم جتوئی نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدرمیر حکمت لہڑی کی سر براہی میں ہنگامی اجلاس میں جو فیصلے کیئے گئے یہ ایک خوش آئند اقدام ہوگا جس سے نہ صرف صوبہ کی عوام سفری سہولیات سے مستفید ہونگے بلکہ ٹرانسپورٹرز بھی ایک مرتبہ پھر بر سرروزگار ہونگے۔
اور غریب عوام کو لوٹنے والے دیگر سروسز سے بھی انکی جان چھوٹ جائیگی انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو کرونا وائرس کے خطرے کی پیش نظربند جبکہ دیگر گاڑیاں اور ٹوڈی سروسز بحال ہیں جو ہزاروں روپے لیکر عوام کو سروسز دے رہے ہیں اور انہیں دونوں ہاتھوں سے مجبوری کا فائدہ اٹھا کر لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ ہم کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے خلاف نہیں بلکہ لاک ڈاؤن اور کرونا وائرس کی آڑ میں ٹرانسپورٹرز کو بے روزگار کرنے کی حمایت بالکل نہیں کرینگے اور ہر حال میں پندرہ اپریل کے بعد ٹرانسپورٹ کو صوبائی صدرکی کال پر بحال کرینگے جسکی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔