پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز بھی عالمگیر وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق سابق کرکٹر ظفر سرفراز کو 6 روز قبل کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں وہ زیرِ علاج تھے۔
بعد ازاں 50 سالہ سابق کرکٹر کی طبعیت بگڑ گئی تھی اور پھر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا، 3 روز وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد بھی ظفر سرفراز کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ انتقال کر گئے۔
خیبر پختونخوا کے اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد کے مطابق ظفر سرفراز نے پشاور کے لیے فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے۔
1969 میں پیدا ہونے والے ظفر سرفراز لیفٹ ہینڈ بلے باز اور سلو لیفٹ آرم کے آرتھوڈوکس بولر تھے، انہوں نے 1988 سے 1994 تک فرسٹ کلاس اور 1990 سے 1992 تک لسٹ اے کھیلی، ظفر سرفراز نے پشاور کے لیے 15 ایف سی گیمزکھیلے۔
ظفر سرفراز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اختر سرفراز کے بڑے بھائی تھے جن کا گزشتہ سال انتقال ہوا تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس بے قابو ہوتا جا رہا ہے، وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی جانیں چلی گئی ہیں جن میں معروف شخصات بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔