کراچی: حکومتِ سندھ کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہم لاک ڈاون میں توسیع کے ساتھ اس میں مزید سختی چاہتے تھے تاہم اب جو فیصلہ وفاقی حکومت نے کیاہے اس پر عمل کروائیں گے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین کی تجویز پر لاک ڈاون کی پابندیاں مزید سخت کی جانی چاہیے تھیں۔ سندھ حکومت کل سے وفاق کےفیصلوں پر عمل کروائے گی ۔جن صنعتوں کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے اس پر بھی عمل درآمد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعتیں اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کے بنائے گئے قواعد و ضوابط کی پابندی لازم ہوگی۔ فیکٹریوں کی سرگرمی کےآغاز سےقبل این او سی لینا ہوگی۔ ہم نے ایس او پی تیار کرلیے ہیں جن کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔
شہباز گِل پر کڑی تنقید
دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل وزیراعلیٰ سندھ کے فوبیا سے باہر نکلیں۔ پی ٹی آئی میں نالائق اعظم بننے کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔کورونا وائرس کے حملے سے لیکر آج دن تک شہباز گل نے دھیلے کا کام نہیں کیا۔ کورونا وائرس اور ڈوبتی معیشت سے نمٹنے کے بجائے ان کا وقت سندھ حکومت پر تنقید کرتے گزرتا ہے، بہتر ہے جو توانائی بچی ہے اسے عوام کی خدمت میں صرف کریں۔