کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو ساتھ لے کر چلنے کی دعوت دی مگر وزیراعظم اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کو توہین سمجھتے ہیں، قوم کو متحد کئے بغیر کورونا کے خلاف لڑائی نہیں جیت سکتے،وزیراعظم پر عوامی اعتماد ختم ہوچکا ہے حکمرانوں کو جب عوامی تائید اور حمایت حاصل نہ ہو توانہیں حکمرانی کا حق حاصل نہیں ہوتا۔
میاں نواز شریف رائیونڈ یا لندن میں ہوں اپنے لوگوں سے دور نہیں۔ان خیالات کااظہار جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ،یونس بلوچ، نسیم الرحمن ملاخیل سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو ساتھ لے کر چلنے کی دعوت دی تاہم وزیراعظم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم جن کو چور اور لٹیرا کہہ کر انہیں پکڑنے کی بات کرتے ہیں ان کے زیر اثر تحقیقاتی ادارے ان پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کرسکے اب لوگ حکومت کے جھوٹے دعوؤں کو سننے کے لیے بھی تیار نہیں حکومتی تحقیقات میں وزیر اعظم کے ساتھیوں پر چینی چوری اور بجلی مہنگا کرنے کے الزامات ثابت ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ قوم کے متحد کئے بغیر کورونا کے خلاف لڑائی نہیں جیتی جاسکتی اب تو حکومتی اتحادی شیخ رشید بھی کہتے ہیں۔
عمران خان اپنی انا ایک طرف رکھ کر قوم کو ساتھ لے کر چلیں انہوں نے کہاکہ عالمی وبا کورنا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے اللہ کے حضور رجوع کرکے عاجزی اختیار کی اور متحد ہوکر اس وبا کے خلاف جنگ لڑی جائے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کا نتیجہ انتہائی خطرناک نظر آرہا ہے دیہاڑی دار مزدور بھوک سے بلبلا رہے ہیں اور کوئی بڑا طوفان کھڑا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پرائمری اسکول ٹیچر پولیو ورکرز اور بلدیاتی نمائندوں کی خدمات حاصل کرکے مستحقین تک امداد پہنچائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کیساتھ وفاق نے ناانصافی کی تفتان کے راستے ایران سے داخل ہونے والے زائرین کیلئے بہتر انتظامات کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی نہ کہ صوبائی حکومت کی، وفاقی حکومت کو چائیے تھا کہ کہ وہ تفتان میں بہتر انتظامات کرکے وہاں کورنٹائن کی سہولیت قائم کرتی اگر ممکن نہ تھا تو بسوں کے ذریعے زائرین کو انکے صوبوں کو منتقل کرنے کے انتظامات کرتی۔
صوبے میں طبعی عملہ کو حفاظتی آلات میسر نہیں ٹیسٹنگ کے استعداد کار میں اب تک اضافہ نہیں کیا جاسکا، مسلم لیگ (ن) نے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو حفاظتی آلات فراہم کئے ہیں۔ بلوچستان حکومت صوبے کے وسائل کو انسداد کرونا کیلئے بروئے کار لائے اور اس کے لیے افواج پاکستان کی خدمات حاصل کی جائیں جو پہلے ہی مشکل کی اس گھڑی میں صوبے بھر میں ا پنی خدمات انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حالات جس ڈگر پر جارہے ہیں ایسے میں حالات بہتر ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے بلکہ مستقبل میں ہم دلدل میں پھنستے دکھائی دے رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں گاہے بگاہے حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے درست سمت دیکھانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں لیکن حکومت نے اپنی سمت درست نہیں کی اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہو رہے ہیں۔
اس لئے ملک میں جمہوری طریقے سے حکومت کی تبدیلی ضروری ہوچکی ہے ایسے میں اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور درپیش مشکلات میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اپوزیشن کا کام حکومت کو درست راہ پر گامزن کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے ذریعے حکومت کو مزید چلایا نہیں جاسکتا، کابینہ کے اندر بھی مختلف آرا و نقطہ نظر سامنے آرہے ہیں اگر موجودہ حکومت کو عوام نے منتخب کیا ہے تو اسے عوامی نمائندوں کے ذریعے حکومت چلانی چاہیے تھی۔
تاہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اکثریت کے باوجود معاون اور اسپیشل اسسٹنٹس کے ذریعے حکومتی نظام کو چلایا جارہا ہے جس سے لگتا ہے تحریک انصاف نے حکومت ٹھیکیداروں کو سونپ رکھی ہے،وزیراعظم پر عوامی اعتماد ختم ہوگیا ہے جس حکومتی سربراہ کو عوامی تائید اور حمایت حاصل نہ ہو اسے حکمرانی کا حق حاصل نہیں ہوتا ملک میں ازسر نو انتخابات کرائے جائیں اگر عوام دوبارہ ٹھیکیداروں کو حکومت بنانے حق دیتی ہے تو انہیں حکومت بنانے کا حق ہے اور ٹھیکیداروں اور معاون خصوصی کے ذریعے حکومت چلائی جائے۔