کوئٹہ: ماہرنفسیات میربہرام نے کہا ہے کہ کوروناکے خوف سے لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہورہے ہیں۔ ماہرنفسیات کے مطابق کو رونا وائرس کے خوف اورلاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ نفسیاتی مرض میں مبتلاہورہے ہیں،کو ئٹہ میں نفسیاتی مریضوں کی بڑھتی تعداد پر ماہر نفسیات نے شدیدتشویش کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان سائیکالوجسٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ میر بہرام ان دنوں کو رونا وائرس کے خوف کے باعث ذہنی کشمکش میں مبتلا افراد کی فری آن لائن کونسلنگ کر رہے ہیں۔ میر بہرام کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا ء کے باعث ذہنی پریشانی میں مبتلا افراد آن لائن یا فون کال پرگھر بیٹھے ان سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔
میر بہرام نے بلو چستان میں کو رونا کے خوف کے باعث نفسیاتی مسائل کا شکار ہو نے والے افراد کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیاہے۔کوئٹہ شہر میں ماہر نفسیات بھی محدود وسائل میں رضاکارانہ طور پر اس وباء کے خوف میں مبتلا افراد میں شعور و آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ان کا علاج بھی کر رہے ہیں۔