|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2020

کوئٹہ: کوئٹہ پریس کلب(رجسٹرڈ) کے صدر رضا الرحمٰن، جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ اور دیگر عہدیداروں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کی جانب سے کوئٹہ کے میڈیا ورکرز اور اخبار فروشوں کے 550 خاندانوں کیلئے راشن کی فراہمی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں انہوں نے اخباری صنعت سے وابستہ افراد کی جس طرح سے حوصلہ افزائی کی وہ قابل تحسین عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز اس وقت طبی عملے کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن پر کورونا کی وباء سے نبرد آزما ہیں اور اس حوالے سے ان کا کردار بھی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں اب میڈیا ورکرز بھی اس وائرس سے متاثر ہورہے ہیں لیکن وہ ہمت نہیں ہارے بلکہ ان کے آج بھی حوصلے بلند ہیں اگر انکی اسی طرح حوصلہ افزائی کی جاتی رہی تو ان کی ہمت اور حوصلے میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک افواج، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سمیت دیگر حکومتی اعلیٰ حکام کی جانب سے فرنٹ لائن پر اس وباء سے لڑنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہے گی اور ہم ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہوکر اس جنگ کو جیتیں گے اور اپنے پیشہ وارانہ فرائض مخلص ہوکر انجام دیتے رہیں گے۔