|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2020

سوراب: سوراب کے نواحی علاقوں مولی،خل بُھٹ،چُرک میں ٹڈی دل نے تباہی مچادی،سینکڑوں ایکڑپرکھڑی فصلیں متاثر،صورتحا ل کی اطلاع کے باوجودمحکمہ زراعت کی ٹیمیں تاحال متاثرہ علاقوں تک نہ پہنچ سکی،بلاتاخیراسپرے مہم کاآغازکرکے ہمیں مزیدنقصان سے بچایاجائے،اعلیٰ حکام سے زمینداروں کی اپیل،تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے صوبے کے دیگرعلاقوں میں تباہی مچانے کے بعداب سوراب کارُ خ کرلیا۔

نواحی علاقوں مولی،خل بُھٹ اورچرک میں کھڑی سبزفصلوں پرحملہ کرکے انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہیں مگربچاؤ کیلئے حکومتی سطح پرمتاثرہ علاقوں میں تاحال اسپرے مہم کاآغازنہ ہوسکاجس سے زمیندارشدیدپریشان ہیں،اس حوالے سے متاثرہ زمیندارمحمداقبال سمالانی عبدالرشید لہڑی عبدالغفار اوردیگر نے صحافیوں کوصورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ان کے علاقوں مولی اورخل بُھٹ میں ٹڈی دل نے یلغارکردی ہے۔

جس کے نتیجے میں ان کی کھڑی سبزفصلوں کوناقابل تلافی نقصان پہنچاہے اوران کی سال بھرکی کمائی ضائع ہوچکی ہے جبکہ ان علاقوں میں ٹڈی دل کے مزیدجھنڈ بھی پہنچ رہے ہیں جس سے زمیندارشدیدپریشانی میں مبتلاہیں،اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے توسط سے محکمہ زراعت کواطلاع بھی دی گئی مگران متاثرہ علاقوں میں ٹڈل دل کوتلف کرنے کے لئے کوئی اسپرے ٹیم تاحال نہیں پہنچی ہے۔

البتہ بعض مقامات پرصرف بااثرافرادکی فصلات پراسپرے کرکے ٹیمیں واپس گئی ہیں جس سے عام غریب زمینداروں میں مزیدمایوسی پھیل گئی ہے اورٹڈی دل کے حالیہ شدیدحملے کے نتیجے میں سال بھرکی کمائی ضائع ہونے کی وجہ سے وہ ناقابل تلافی مالی نقصان کاسامناکرنے پرمجبورہیں انہوں نے ڈپٹی کمشنرسوراب اورمحکمہ زراعت کے بالائی حکام سے مولی،خل بُھٹ اورچرک میں ٹڈل دل کے یلغارکے تدارک کے لئے ہنگامی بنیادوں پراسپرے کامطالبہ کیاہے۔