|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2020

خضدار: لوکل گورنمنٹ خضدار کے ایڈمنسٹریٹو میر عبدالرزاق زہری نے کہاہے کہ شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے محکمہ لوکل گورنمنٹ خصوصی پلاننگ کے تحت کام کررہا ہے۔ سولر سسٹم واٹر سپلائی اسکیمات کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آئندہ بجٹ میں بھی خضدار شہر تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں بھی واٹر سپلائی اسکیمات کو زیادہ فوقیت دی گئی ہے عوام کی یہ ضرورت انہیں ان کے دہلیز پر حاصل ہو،اسکیمات کو معیاری انداز میں بروقت پہنچانا بے حد لازمی ہے اور اس کی نگرانی میں از خود کررہاہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درنیلی نال میں واٹر سپلائی اسکیم کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر لوکل گورنمنٹ آفیسر عبدالواحد شاہوانی، مسلم لیگ (ن) خضدار کے سینئر رہنماء سابق چیئرمین عبدالحی زہری، ٹھیکدار محمد شریف ودیگر موجود تھے۔ انہوں نے درنیلی نال میں لاکھوں روپے کی لاگت سے پائیہ تکمیل کو پہنچ جانے والی واٹر سپلائی اسکیم کا معائنہ کیا۔ لوکل گورنمنٹ خضدار کے ایڈمنسٹریٹو میر عبدالرزاق زہری کا کہنا تھا کہ پانی ایک ایسی ضرورت ہے کہ جس کے بغیر انسان زندہ ہی نہیں رہ سکتا ہے پانی زندگی ہے۔

حکومت عوام کوپانی کی سہولت دینے کے لئے اس شعبے کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے تاکہ لوگ کسی بھی دقت کے بغیر پانی حاصل کرسکیں ماضی میں مختلف مقامات پر واٹر سپلائی اسکیمات دیئے گئے یہ اسکیمات پائیہ تکمیل کوپہنچ چکے ہیں۔

ا ور لوگ ان سے فائدہ حاصل کررہے ہیں سولر سسٹم واٹر سپلائی اسکیمات کو بجٹ میں زیادہ سے زیادہ شامل کیا گیا ہے تاکہ جہاں کہی بھی عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے انہیں یہ سہولت دی جائے انہوں نے کہاکہ معیاری انداز میں ان منصوبوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا اور ان کی نگرانی کرنا میر ی ذمہ داریوں میں شامل ہے جنہیں ہر صورت میں نبہاتے رہیں گے۔