|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لندن میں عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان ملاقات ہوئی تھی البتہ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں اگر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ طاہر القادری کی ملاقات ہوئی تو اس میں حیرانگی کی کیا بات ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی رہنما آپس میں ملتے ہیں اس میں اچھمبے کی کوئی بات نہیں، ماضی میں بھی دونوں رہنما ایک دوسرے سے ملتے رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لندن میں عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان ملاقات میں تحریک انصاف اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا۔

ملاقاتوں کو پوشیدہ رکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ ، وفاقی وزیر ریلوے


مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی بتائیں کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ملاقاتوں سے تحریک انصاف مسلسل انکار کیوں کرتی رہی اور ان ملاقاتوں کو میڈیا سے پوشیدہ رکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے اعتراف پر مسلم لیگ رہنما خواجہ سعد رفیق نے رد عمل میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے ملاقات میں انقلاب اور تبدیلی کے لیے کیا روڈ میپ تشکیل دیا ہے ؟ وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ شاہ محمود قریشی یہ بتایں کہ طاہر القادری اور عمران خان لندن سے پہلے کہاں کہاں ملتے رہے ہیں۔