|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2020

خضدار: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ملک میں کورونا وباء کے مریضوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہاہے،ملک میں وسائل کم جب کہ اس وباء میں کافی اضافہ ہورہاہے ایسے موقع پر عوام کو احتیاط اور بتائے گئے تدابیر پر عمل کرنا ہوگا، تاکہ قیمتی جانوں کو زیادہ سے زیادہ بچایا جاسکے۔

کورونا ایک مرض ہے اور اس کی حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا ہے، غیر سنجیدہ گی اور اسے حساس انداز میں نہ لینا خطرناک ہوسکتا ہے۔ لوگ اپنی جانوں اور دوسروں کی جانوں کا بھی خاص خیال رکھیں۔ عالمی اداروں کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں مریضوں میں بے حد اضافہ ہورہاہے، جو کہ ایک بری خبر ہے،عوام کو ڈاکٹروں کے بتائے گئے احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا۔

تاکہ جتنی جلدی ہو ہم اس مرض سے نجات حاصل کرسکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ جون اور جولائی کورونامرض کے پھیلاؤ کے لئے خطرناک مہینہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ تین مہینوں کے دوران پوری دنیاء کی طرح پاکستان میں بھی قیمتی جانوں کاضائع ہونا اور باصلاحیت لوگوں کا اپنی جان سے جانا ہم سب کیلئے بڑا نقصاندہ ثابت ہوچکا ہے۔

اب احتیاط کرنا بے حد ضروری ہے اس حوالے سے میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ احتیاط کریں، اپنے گھروں پر رہیں، ماسک اور سینائٹز ر اور دیگر بتائے ضروری لوازمات کا استعمال ضروری کریں تاکہ کورنا مذید نہ پھیلے اور اس کے نقصانات کا اندیشہ کم ہو۔ عوام کی بے احتیاطی اور غیرذمہ داری کورونامرض کے حوالے سے قومی المیہ پیش آسکتا ہے۔ اس سے قبل ہی لوگ سنجیدہ گی کا مظاہرہ کرکے ڈاکٹروں کے مشورے اور احتیاطی تدابیرپر ضرور عمل کریں۔