|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2020

خضدار: جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل سے وڈھ میں گرگناڑی قومی اتحاد کے چیئرمین شاہجہان گرگناڑی کی قیادت میں قبائلی عمائدین کا وفد ملاقات کررہاہے۔وفد میں قبائلی رہنماء میر گل خان گرگناڑی، حاجی میر مہراب خان گرگناڑی، جھالاوان عوامی پینل سوراب کے رہنماء میر خالد نصیر گرگناڑی، میر قمر منظور گرگناڑی، میر فیصل گرگناڑی، میر عبدالغفور گرگناڑی، عبیداللہ گرگناڑی و دیگر شامل ہیں۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل نے کہاکہ ہم عوام میں سے ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود و ان کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ کوششیں کرتے رہے ہیں۔ میرے والد محترم میر محمد نصیرمینگل جب وفاق اور صوبے میں مختلف عوامی عہدوں پر فائز تھے تو اس وقت بھی انہوں نے بے مثال کام کیا اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہمیشہ پروگرام تشکیل دیتے رہے۔

آج جھالاوان عوامی پینل کے پلیٹ فارم سے میں اور میرے دوستوں کی بھی یہی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو کم اور ان کی خوشحالی و فلاح وبہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی عوام کو مایوس نہیں ہونے دیا اور ان کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے رہے ہیں وہ چاہے وڈھ ہو خضدار یا سوراب و گدر اور دوسرے علاقے دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے ہم نے ہمیشہ عوام کے لئے فلاحی کام کیئے۔

اس کا نہ صرف ہم دعویدار نہیں بلکہ عوام خود معترف اور گوا ہ ہے۔ ہمارے کام اور ہمارا موقف ہمیشہ عوام کے سامنے واضح اور حقیقت کے عین عکاس رہاہے۔آئندہ بھی ہم اپنے اس مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی سرپرستی بھی کریں گے اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ان کے مسائل بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے ملاقات کرنے والے قبائلی رہنماء اور جھالاوان عوامی پینل سوراب و گدر کے ذمہ داران کو سوراب میں کامیاب ریلی اور احتجاجی مظاہرہ منعقد کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

اس موقع پر قبائلی رہنماء و گرگناڑی قومی اتحاد کے چیئرمین میر شاہجہان گرگناڑی نے میر شفیق الرحمن مینگل کی خدمات کو سراہا اور انہیں قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ میر شفیق الرحمن مینگل ایک اچھے سیاستدان قبائلی و سماجی رہنماء ہیں جنہوں نے ہمیشہ لوگوں کی خیرخواہی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیئے ہیں آئندہ بھی ان سے یہی توقعات وابستہ ہیں کہ وہ اسی طرح کام اور عوام کے لئے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے ہم اپنی جانب سے انہیں مکمل و بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔