صوبائی سیکرٹری صحت دوستین خان جمالدینی نے کہا ہےکہ عوام کو انکی دہلیز پرصحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے
جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،ای پی آئی سینٹر صوبے میں بچوں کو مختلف امراض سے محفوظ رکھنے میں اہم کردارادا کررہا ہے جو خوش آئند ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کوا چانک ای پی آئی سینٹربروی روڈکے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ای پی آئی کے پروگرام منیجر ڈاکٹر کمالان گچکی،اسٹاف افسرشوکت علی زہری،ای پی آئی کے ڈپٹی منیجرڈاکٹر بدر،یونیسف کے ڈاکٹر اورنگزیب کمال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سیکرٹری صحت نے ای پی آئی سینٹر کے پروانشل کولڈ روم،ویکسین مینجمنٹ،مانیٹرنگ سیل، ٹیکنیل فوکل پوئنٹ، ویڈیو کانفرنس روم،میڈیکل،فنانس آفیسرز روم،ایڈمن،اکاونٹ،بجٹ سیکشن کا دورہ کیا۔ای پی آئی کے پروگرام منیجر ڈاکٹرکمالان گچکی نے انہیں ای پی آئی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ای پی آئی2سال تک کی عمرکے بچوں کو 10خطرناک بیماریوں بچوں کی ٹی بی،پولیو، خناق،نمونیہ،کالی کھانسی،کالا یرقان، گردن توڑ بخار، اسہال، تشنج اور خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹھیکے لگاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے دور د راز علاقوں میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا پروگرام ملتوی کردیا تھا جسے اب دوبارہ ایس او پیز کے تحت دوبارہ شروع کردیاگیا ہے کہ تاکہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگاکر مختلف امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔ڈاکٹر کمالان نے بتایا کہ ای پی آئی اور یونیسف کے تعاون سے جلد ہی حاملہ خواتین کوتشنج سے بچاو حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے جسکے دوران حاملہ خواتین کو گھر گھر جاکر حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے
۔سیکرٹری صحت دوستین خان جمالدینی نے کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اورصوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای پی آئی کوئٹہ سمیت صوبے کے دوردراز علاقوں میں بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کا فریضہ سرانجام دیتی ہے تاکہ بچوں کو موذی امراض سے محفوظ رکھاجاسکے۔ انہوں نے ہدایت کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے میں ای پی آئی سینٹرز میں حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے آنے والے بچوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔سیکرٹری صحت دوستین جمالدینی نے ای پی آئی کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ میں حفاظتی ٹیکہ جات بروقت پہنچانے اور انکو محفوظ رکھنے کیلئے بنائے جانے والے کولڈ روم قائم کرنے کے اقدام کو سراہا۔