کوئٹہ: بلوچستان صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہفتہ کوا سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہوا صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوربلیدی نے مالی سال 2020-2021ء کا بجٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے منگی ڈیم منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، برج عزیز خان اور بابر کچ ڈیمز کی فیزیبلٹی سٹڈی جاری ہے۔
جن کے بننے سے کوئٹہ شہر اور گردونواح کے علاقوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے گا۔ کینال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے جعفر آباد، نصیر آباد، صحبت پور اور سبی کے اضلاع اورژوب شہر کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے سبکزئی ڈیم سے پانی مہیا کرنے کے اقدامات اور فزیبلٹی بنانے پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر، پسنی اور گردونواح کے علاقوں کو شادی کور، آکڑہ کور ڈیمز سے پائپ لائن کی مدد سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔
جو کہ اس سے قبل لوگ ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال2020-21 کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے 12 نئی اسکیمات کی مد میں 354.20 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مالی سال2020-21 میں آبنوشی و آبپاشی کے لیے مجموعی ترقیاتی مد میں 15.006 بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 4.553 بلین روپے مختص کئے ہیں۔