نیویارک: وزیراعظم نواز شریف نے امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر ملا فضل اللہ افغانستان میں ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے امن و امان اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکا بہت سے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ امریکا کے ساتھ معیشت اور توانائی میں تعاون وسیع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، پاک امریکا تعاون کے لیے قائم پانچویں ورکنگ گروپ اہم پیشرفت کر رہے ہیں۔ دونوں انسداد دہشتگردی کے لیے بھی تعاون وسیع کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نے امریکی نائب صدر سے کہا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر ملا فضل اللہ افغانستان میں روپوش ہے، امریکا اور افغان حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں فکر انگیز تقریر کی، پاکستان کی کامیابی امریکا کی کامیابی ہے، دونوں ممالک کے بہت سے مفادات مشترکہ ہیں۔ پاکستان کی ترقی امریکا کے لیے بھی یکساں اہمیت کی حامل ہے۔