خضدار: آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالخالق غلامانی،صدرحاجی محبوب کرد، جنرل سیکریٹری مفتی جاوید احمد مینگل منصوری، سینئر نائب صدرحافظ گل حسن قادری، ڈپٹی جنرل سیکریٹری میر عبدالحمید غلامانی جونیئر نائب صدر حافظ ثناء اللہ فاروقی،فنانس سیکریٹری سید ثناء اللہ شاہ پریس سیکریٹری نور حسنی سپریم کونسل کے ممبر ریاض احمد باجوئی نے خضدار پریس کلب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ خضدار میں بے روز گار نوجوان کی بے بسی، شہر میں بڑھتے ہوئے منشیات کے طوفان، میرٹ کی پائمالی، کرپشن کا عروج پانا، تعلیمی انحطاط، صحت کی سہولیات کے فقدان کو دیکھ کر دل بہت دکھتا ہے۔
ان تمام تر ناانصافیوں، چھینا چھپٹی اور طبقاتی نظام کے خلاف ہم سب ملکر جدوجہد کررہے ہیں، انفرادی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر اجتماعی کوششوں کو رواج دینا اور نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہمار ا مشن ہے، ہمیں خضدار کے صحافیوں کی خدمات اور ان کی مشکلات کا احساس ہے ہم اسی علاقے کے باشندے ہیں اور یہاں کے لوگوں کی درد اور ان کی مشکلات کا احساس ہم سے زیادہ کسی اور کو نہیں ہوسکتا ہے۔
ماضی میں ہم نے عوام کی ترجمانی کی ان کی آواز بنے رہے اورآئندہ بھی اسی تسلسل و جدوجہد کی پیروی کرتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں صحافیوں کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی جنرل سیکریٹری منیر نور چیئرمین عبدالواحد شاہوانی سینئر نائب صدر محمد ایوب بلوچ جونیئر نائب صدر میر علی شیر ناز غلامانی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبداللہ خدرانی، فنانس سیکریٹری محمد خان ساسولی،یونس بلوچ، خورشید بلوچ، و دیگر موجود تھے۔
جہاں صحافی برادری نے صحافتی ذمہ داریوں کو نبہارنے ماضی قریب کی مشکلات اور مستقبل کی سوچ و حکمت عملی سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔ خضدار پریس کلب کی جانب سے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ماسٹر عبدالخالق غلامانی اور ان کی پوری ٹیم کہ جس میں،صدرحاجی محبوب کرد، جنرل سیکریٹری مفتی جاوید احمد مینگل منصوری، سینئر نائب صدرحافظ گل حسن قادری، ڈپٹی جنرل سیکریٹری میر عبدالحمید غلامانی جونیئر نائب صدر حافظ ثناء اللہ فاروقی،فنانس سیکریٹری سید ثناء اللہ شاہ پریس سیکریٹری نور حسنی سپریم کونسل کے ممبر ریاض احمد باجوئی شامل تھے۔
جہاں انہیں اظہارِؒخیال کرنے کا موقع دیا گیا۔طرفین کی جانب سے ایک دوسرے کو احترام دینے، قدر کی نگاہ سے دیکھنے اور علاقائی مسائل کو مل کراجاگر کرنے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالخالق غلامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک پاکستان کو خوبصورت بنایا ہے اور اس ملک کی اہمیت کو جان کر اسی خوبصورتی سے ہمیں لطف اٹھانا ہوگا۔
خضدار اس وقت مسائل سے دوچار ہے ان مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ان کو حل کرنے کے لئے کوئی باہر سے ادھر نہیں آئیگا بلکہ ہمیں خودہی ان مسائل سے نکلنے کی جدوجہد کرنا ہوگا۔ خضدار اس وقت منشیات کا گڑھ بن چکا ہے نئی نسل غیر ارادی طور پر اس کا شکار بنتی جارہی ہے اس کے لئے ہم سب کو اپنی کوششیں بروئے کا ر لاکر اپنی نئی نسل کو اس سے نجات دلانا ہوگی۔ملازمتیں میرٹ کے مطابق باصلاحیت نوجوانوں کو دلانے کے لئے آواز بلند کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے تاکہ حقداروں کو ان کا حق ملے۔ کرپشن کی روک تھام اور عوام کاپیسہ صحیح معنوں میں عوام پر لگے اس کے لئے ہم سب کو مل کراجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ نیک مقصد لیکر ہم آگے بڑھ رہے ہیں جدوجہد ہماری ہے اور نتائج اللہ تبارک و تعالیٰ ہی دیں گے۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے صدر محبوب کرد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمیں جو عزت یہاں دی گئی ہم اس کے مشکور ہیں اور ہم سب کا یہی مشترکہ موقف ہے کہ خضدار کے مسائل میں کمی لائیں حقداروں کو ان کا حق ملے کرپشن کا خاتمہ ہو میرٹ کی پائمالی سے گریز کیا جائے بے روزگاری میں کمی لائی جاسکے، صحت تعلیم کی سہولیات یہاں کے عوام کو ملے، خضدار ہسپتال کی حالت بہتر ہو او روہاں مریضوں کا صحیح معنوں میں علاج و معالجہ ہوسکے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب اس شہر کے باشندے ہیں ہم میں سے زیادہ ایک دوسرے کا غم اور درد کون محسوس کرے گا اس کے لئے ہم ایک دوسرے کے معاون بن کر عوام کی صحیح رہنمائی بھی کریں اور ان کے حقوق کے لئے جمہوری انداز میں جدوجہد کریں۔ ڈپٹی جنرل سیکریٹری میر عبدالحمید غلامانی کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی سے ذاتی کوئی بھی دشمنی نہیں ہے نہ ہی ہم نے کسی کی ذات کو ہدفِ تنقید بنایا ہے بلکہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم اجتماعی مسائل کو زیرِ بحث لائیں اوران کے حل کے لئے لائحہ عمل طے کریں، اس کے لئے ہم نے ہر پلیٹ فارم پر اپنا موقف دیا ہے۔
مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ صحافیوں نے آج جس طرح سنجیدہ انداز میں باعزت طریقے سے مختصر محفل سجائی ہے یہ ہماری بھی عزت ہے اور آپ کی بھی عزت ہے اور اس عمل کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ا ور اس کو ہم ہمیشہ اچھی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔ ہم بھی عقلِ کل نہیں ہیں لہذا مشترکہ تجاویز اور مشاورت سے ہی ہم سب مل کر آگے بڑھیں گے اور مسائل کی نشاندہی و ان کے حل میں کامیاب ہونگے۔
آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا جاوید احمد مینگل منصوری نے کہاکہ خضدار میں اس وقت عوام کو جومسائل درپیش ہیں ان کے لئے ہم آواز بلند کررہے ہیں بغیر کسی طمع و لالچ کے ہم نے ہمیشہ میرٹ، شفافیت کی بات کی ہے اور کوشش کی ہے کہ ہم ایسی پالیسی اور اپنا موقف دیں کہ جس سے عوام کی ترجمانی ہو یہاں کے نوجوانوں کو ان کا حق ملے غربت و پسماندگی میں کمی آئے۔
وسائل صحیح معنوں میں حقداروں پر خرچ ہوں مستقبل میں بھی ہمارا دائرہ کار یہی ہوگا کہ اسی طرح ہم عوام کی آواز بنیں رہیں۔ آج صحافی برادری کی جانب سے ہماری جو عزت افزائی ہوئی اس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں خضدار پریس کلب ہمارا ادارہ ہے اور ہم اپنے آپ کو صحافی برادری سے دور نہیں سمجھتے ہیں ان کے دکھ و درد میں ہم شریک ہیں۔