تربت: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ہے کہ مکران تعلیمی حوالے سے ایک زرخیز خطہ ہے یہاں کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے مواقع دینے کے لیے پنجگور میں یونیورسٹی آف تربت کا سب کیمپس قائم کیا گیا ہے جس میں تین سو کے قریب طلبا و طالبات تعلیم حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پنجگور سب کیمپس کے دورے کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے ڈین اور کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر گل حسن پروکیورمنٹ آفیسر ایاز بلیدی اور انکے پرنسپل سٹاف آفیسر بلال الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے کیمپس کے بلڈنگ کا دورہ کیا اور موقع پر موجود کنٹریکٹر کو تاکید کی کہ تعمیراتی کام کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے فوری طور پر کیمپس کے احاطے میں پانی کے بورنگ لگانے کی منظوری بھی دے دی۔
بعد ازاں کیمپس کے لیے خریدی گئی وین کی چابیاں عملے کے حوالے کی۔ بعد ازان نئے تقرر ہونے والے سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی ادارہ ہے آپ لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں اس ادارے کی خدمت کا موقع مل رہا ہے یونیورسٹیاں جہاں بنتی ہیں ان سے چند افراد کی نہیں قوموں اور خطوں کی تقدیریں بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے نئے اسٹاف کو تاکید کی کہ وہ اس ادارے کی خدمت کو صرف نوکری نہیں بلکہ قومی خدمت سمجھ کر سر انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجگور کے عوام کی تعلیم دوستی اور یہاں کے سیاسی اور سماجی قیادت کی اس ادارے سے دلچسپی اس بات کا مظہر ہے کہ یہ سب کیمپس آنے والے چند سالوں کے اندر ایک مکمل اور ملکی سطح پر پہچانی جانے والی کامیاب یونیورسٹی بن جائے گی۔ انہوں نے پنجگور کیمپس کے ساتھ تعاون کرنے پر گورنر بلوچستان وزیر اعلی بلوچستان ایچ ای سی اسلام اباد صوبائی وزرا ء اور علاقے کے منتخب نمائندوں کے تعاون کا بطور خاص ذکر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئے متخب ہونے والے اساتذہ کی تقرری کے احکامات بھی فوری طور پر جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی۔