تربت: تربت میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری، ایک ہی ہفتے میں چار دکانیں گن پوائنٹ پر لوٹ لی گئیں،تین چار موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی اطلاعات، ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
گزشتہ شام اسٹار پلس مارکیٹ میں پرچون کی ایک دکان میں ڈاکو دس سے پندرہ ہزار روپے گن پوائنٹ پر لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ چاہسر میں ایئرپورٹ کراس سے بھی پرچون کی دکان میں گھس کر اسلحہ کے زور پر پچیس ہزار نقدی چھین کر رفو چکر ہوگئے، گزشتہ روز دشتی بازار میں بھی ایک میڈیکل اسٹور سے مسلح افراد پچیس ہزار نقد اور موبائل فون گن پوائنٹ پر لوٹ کر لے گئے تھے۔
اطلاع کے مطابق تربت شہر کے اندر اللہ والی مارکیٹ کے سامنے ایک ہی ہفتے میں تین موٹرسائیکل چرا کر لے جانے کی اطلاعات ہیں۔ شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور چوری کی وادراتوں سے عام شہری اور تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی روک تھام کے لیئے پولیس کا کردار مایوس کن ہے۔عوامی حلقوں سمیت تاجر برادری نے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔