|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2014

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی فلائٹ سے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو بے دخل کیے جانے کی ویڈیو بنانے والے شخص ارجمند اظہر حسین کو ان کی کمپنی جیریز گروپ نے ملازمت سے فارغ کردیا ہے ۔ جیریز گروپ نے اپنے فیس بک پیج پر کہا ہے کہ یہ فیصلہ میرٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سولہ ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی-کے 370 کی روانگی میں ڈھائی گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہونے کے بعد مسافروں نے شدید احتجاج کیا تھا اور تاخیر کا سبب بننے والے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو جہاز سے اترنے پر مجبور کردیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر رحمان ملک اور مسلم لیگ نون کے ایم این اے کو جہاز سے باہر جانے پر زور دے رہے ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 370 میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ڈیرھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی۔پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 370 کو پیر کی شام سات بجے کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا، لیکن یہ ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اطلاع پرواز کی روانگی سے قبل ہی دے دی گئی تھی۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی پی آئی اے کی فلائٹ میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد ایک بیان میں اپنی پوزیشن کو واضح کیا تھا کہ اس تاخیر کے ذمہ دار وہ نہیں ہیں۔