لندن: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنے حکومت نہیں ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لئے تھے جب کہ پاکستان کی ترقی ميں رکاوٹ ڈالنے والوں کی کوششيں ناکام ہوں گی۔
لندن میں پاکستان برطانیہ توانائی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی کی ضامن ہے، حکومت سنبھالتے ہی ہمیں بحران ورثے میں ملے۔تاہم ہم نے مشکل فیصلے کئے جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، ہم نے معیشت کی سمت درست کر دی اور آج ہماری اسٹاک مارکیٹ دنیا کے چند بہترین حصص بازاروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جی ڈی پی بہتر ہورہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، توانائی بحران پاکستان کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، برطانیہ میں توانائی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے سرمایہ کاروں اور ماہرین کو قریب آنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ حکومت کا کردار منتظم کی بجائے سہولت کار ہو، کانفرنس میں توانائی کے منصوبوں، تجربوں اور حکمت عملی کا جائزہ لیں گے، بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام پر بحث ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس وہ سب کچھ ہے جس سے انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی کی ضامن ہے اس لئے حکومت منتظم کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔
کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے حکومت نہیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے تھے، پاکستان کی ترقی ميں رکاوٹ ڈالنے والوں کی کوششيں ناکام ہوں گی، توانائی کا بحران صرف موجودہ حکومت کے لئے نہیں بلکہ وطن عزیز کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندھیرے اب ختم ہورہے ہیں اور پاکستان روشنی کی جانب بڑھ رہا ہے، ہمیں ہیشہ حکومت میں نہیں رہنا اگر آج ہم ہیں تو کل یہاں کوئی اور آئے گا لیکن اس مسئلے پر کام کرکے ہم مستقبل کو بہتر بنارہے ہیں۔