|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2020

کوئٹہ: پاک ایران کے سرحدی علاقے ماشکیل میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے پر دہشت گردوں کے حملے میں 2جوان شہید جبکہ 6اہلکارزخمی ہوگئے جبکہ 2گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارکر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہلکار واپس جارہے تھے کہ مہراب لوگ ایریا کے قریب گھات لگاکر بیٹھے 50سے 60نامعلوم دہشت گردوں اوراسمگلروں نے انٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی جس کا اے این ایف کے جوانوں نے جواں مردی سے ساڑھے 3گھنٹے تک مقابلہ کیا۔

اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2جوان ڈرائیور کانسٹیبل عامر نواز خان اور کانسٹیبل محمدکامران شہید جبکہ 6اہلکارزخمی ہوگئے شہید ہونے والے جوانوں کا تعلق حافظ آباد اور ضلع لودھرا ں سے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں اور اسمگلروں نے حملے میں چھوٹے اوربڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا اور راکٹ لانچر کے ذریعے اے این ایف کی 2گاڑیاں مکمل تباہ کردیں۔

ایف سی بلوچستان ساوتھ کے جوان جب اے این ایف کی ٹیم کی مدد کیلئے موقع پر پہنچے تو حملہ آور فرارہوگئے۔ ترجمان نے بتایا کہ نعشوں اورزخمیوں کو ہسپتال پہنچادیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔