|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2020

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کا صوبے کی 770کلو میٹر طویل ساحلی پٹی کے لئے 30سالہ ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ،ماسٹر پلان کے ذریعے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جائیگا، تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے بلوچستان کوسٹل ڈوپلمنٹ اتھارٹی کے ذریعے صوبے کی 770کلو میٹر طویل ساحلی پٹی کی سماجی و اقتصادی بہتری کے لئے 2020-2050ماسٹر پلان بنا نے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔

یہ ماسٹر پلان حکومت اور نجی شعبے کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے والوں کو دیرپا ترقیاتی اہداف کے حصول اور علاقے کی ترقی و بہتری کے لئے رہنمائی اور پالیسی فراہم کریگا۔ماسٹر پلان کے ذریعے چھوٹی بندگاہوں، ہاربر، جیٹی،سیاحوں کے لئے سیرو تفریحی گاہوں،ریفائریز، ہوٹلز، پیٹرول پمپ،ڈیم، صنعتوں، ہوا، لہروں اورشمسی ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تعمیر کے لئے سازگار مقامات کی نشاندہی کی جائیگی۔

جبکہ علاقے میں بڑھتی ہوئی شہری آبادی، آبادیاتی تبدیلیوں کے آثار اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بھی رہنمائی کریگا،ماسٹر پلان بنانے کے لئے اب تک 12قومی اور بین القوامی کمپنیوں نے بلوچستان کوسٹل ڈوپلمنٹ اتھارٹی سے رجوع کرلیا ہے۔