|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2020

خضدار: وڈھ بازار میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ہندو تاجر کی ہلاکت کے ردعمل میں بی این پی کی جانب سے خضدار اور وڈھ کے مختلف مقامات سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک کردی گئی،ہندو پنچائیت خضدارکے زیر اہتمام مقتول کی نعش اٹھا کر ریلی نکالی گئی و نعش کو قومی شاہراہ پر رک کر دھرنا دیا گیا،وڈھ میں ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ایس ایس پی خضدار سعید گل خان آفریدی اور خضدار میں ڈی ایس پی و ایس ایچ او نے مشتعل مظاہرین کے ساتھ کامیاب مزاکرات کر کے قومی شاہرا ہ ٹریفک کے لئے بحال کر وادیا۔

جبکہ وڈھ میں بی این پی کے زیر اہتمام شٹرڈاون ہڑتال بھی رہی تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز وڈھ بازار میں نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہندو پنچائیت کے رہنماء و مقامی تاجر نانک رام زخمی ہونے کے بعد ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں دوران اعلاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا ہندو تاجر کی ہلاکت کے ردعمل میں اتوار کے روز وڈھ بی این پی کی کال پروڈھ بازار میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال کی گئی۔

جبکہ وڈھ اور خضدار میں مختلف مقامات پر بی این پی کے کارکنان ضلعی سینئر نائب صدر میر شفیق الرحمن ساسولی،ضلعی جوائنٹ سیکرٹری غلام نبی ایڈووکیٹ،تحصیل صدر حاجی محمد اقبال بلوچ،جنرل سیکرٹری محمد بخش مینگل، عبدالنبی بلوچ،سٹی خضدار کے عہدیداران سفر خان غلامانی،منیر احمد رند،محمد ایوب عالیزئی،کامران مینگل،عرفان گنگو،میر صادق غلامانی،عابد شاہوانی،خدا بخش مینگل بی این پی وڈھ کے جنرل سیکرٹری مجاہد عمرانی،ظہور احمد مینگل و دیگر کی قیادت میں قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بلاک کر دیا کوئٹہ کراچی،گوادر،لاڑکانہ دیگر علاقوں کو جانے والی ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی۔

جس کے باعث قومی شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید گرمی میں مشکل و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا قومی شاہراہ بلاک کرنے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ایس ایس پی خضدار سید گل آفریدی وڈھ پہنچ کر بی این پی کے مقامی و مرکزی قائدین سے مزاکر ات کر کے ہندو تاجرکے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری و وڈھ میں امن و امان کو بہتر کرنے کے لئے شہر اور گردنواح میں لیویز و پولیس گشت بڑھانے کی یقین دھانی کروادی۔

کامیاب مزاکرات کے بعد وڈھ سے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا جبکہ جھالاوان کمپلیکس خضدار کے مقام پر ایس ایچ او خضدار منیر احمد جتک نے بی این پی کے ضلعی سینئر نائب صدر میر شفیق الرحمن ساسولی اور تحصیل صدر حاجی محمد اقبال بلوچ سمیت دیگر سے کامیاب مزاکرات کرکے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر وادی دریں علاوہ ازیں۔

ہندو تاجر کی ہلاکت کے خلاف بی این پی کے زیر اہتمام وڈھ میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال رہی شٹر ڈاون ہڑتال کے دوران تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے جس کے باعث گردنواح کے علاقوں سے خریداری کے لئے آنے والے لوگوں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دریں اثناء ہندو تاجر نانک رام کی نا معلوم افراد کے ہاتھوں ہلاکت کے ردعمل میں ہندو پنچائیت کے زیر اہتمام ہندو محلہ سے مقتول کی نعش کو اٹھا کراحتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی مختلف شاہراوں سے ہوتی ہوئی ایدھی چوک قومی شاہراہ پہنچ گئی جہاں ہندوپنچائیت کے رہنماوں نے مقتول کی نعش کو کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رک کر دھرنا دیا۔

جس کے باعث ٹریفک ایک بار پھر معطل ہو گئی اس موقع پر ہندو پنچائیت کا مطالبہ تھا کہ نانک رام کی ہلاکت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ریلی اور دھرنے میں بی این پی و بی ایس او کے کارکنان بھی اظہار یکجہتی کے طور پر شرکت کی اور انہوں نے بھی ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا بی این پی کی ایک وفد نے بھی ہندو مڑی کا دورہ کر کے ہندو پنچائیت کے ساتھ اس افسوسناک واقع پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

دریں اثناء وڈھ میں ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندو تاجر کے قتل میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے انشاء اللہ بہت جلد فورسیزکو انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب مل جائے گی عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں خضدار وڈھ کی امن و امان کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اس موقع پر ایس ایس پی خضدار سید گل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہندو تاجر کے قتل میں ملوث ملزمان کے لئے پولیس چھاپے ما رہی ہے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے قاتل کسی بھی صورت قانون کی چنگل سے بچ نہیں پائیں گے واضح رہے۔

ہندو تاجر نانک رام کو ہفتے کے روز وڈھ بازار میں نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جنہیں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد مزید اعلاج کے لئے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا جہاں وہ اتوار کے صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔