|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2020

خضدار: جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام وڈھ میں ہندو تاجر کی مسلح افراد کے فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف خضدار،وڈھ اور نال میں احتجاجی ریلیاں،وڈھ میں قومی شاہراہ پر بیٹھ کرمظاہرہ کیا گیا جس کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک بھی معطل رہی،مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ملزمان کی گرفتاری کے مطالبے درج تھے۔

تفصیلات کے مطابق دو دن قبل خضدار کے تحصیل وڈھ میں ہندو تاجر نانک رام کو نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جو بعد ازاں دوران علاج جاں بحق ہو گئے تھے ان کے ہلاکت کے خلاف جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام خضدار،وڈھ اور نال میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئی ریلیاں مختلف شاہراوں سے ہوتی ہوئی۔

خضدار میں پریس کلب،نال میں بازار اور وڈھ میں قومی شاہراہ پر پہنچ گئی ریلیوں سے جھالاوان عوامی پینل خضدار سٹی کے آرگنائزر میر شہزاد احمد غلامانی،میر نور احمد رئیسانی،میرنور احمد رئیسانی ڈاکٹر حبیب اللہ خدرانی اور مولوی علی محمد محمد زئی مرکزی رہنماء میر شہباز خان قلندرانی،رئیس صادق گزگی،میر فدا احمد قلندرانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے ہندو تاجر کو مبینہ طور پر بھتہ کے لئے قتل کر دیا گیا ہے اور ان کے قتل میں وہی عناصر ملوث ہے جو ہر وقت غیر ملکی قوتوں کی ایماء پر بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔

ایک جانب قتل کرواتے ہیں دوسری جانب احتجاج و روڈ بلاک کر کے خود کے جسموں پرلگی خون ناحق کے چینٹوں مٹانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں جھالاوان عوامی پینل نہتے اور مظلوم ہندو برادری کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی ہمیں یہ محسوس ہو رہا ہے کہ بلوچستان خصوصاً جھالاوان خضدار اور وڈھ کے حالات کو ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اور اس کا ابتداء نہتے اقلیتی برادری سے شروع کیا گیا ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ اس پوری صورتحال میں وڈھ انتظامیہ مکمل تماشاہی کا کردار ادا کر رہی ہے ہم خضدار،وڈھ اور جھالاوان کے پر امن حالات کا خراب کرنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے سکتے اور جھالاوان عوامی پینل اپنی قائد میر شفیق الرحمن مینگل کی قیادت میں تمام اقلیتوں خصوصاً ہندو برادری کے جان و مال کی ہر ممکن طریقے کے حفاظت اور ان کے حقوق کا ہر میدان میں دفاع کرینگے۔

ہم ضلعی انتظامیہ اور وڈھ کے مقامی انتظامیہ کے پر ضرور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نہتے ہندو تاجر نانک رام کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں اگر ہندو تاجر کے قاتل گرفتار نہیں کئے جاتے تو ہم جھالاوان عوامی پینل اپنی قائد میر شفیق الرحمن مینگل کے حکم پر قومی شاہراہ پر دھرنا دینا شٹرڈاون ہڑتال سمیت احتجاج کے تمام زرائع استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔

انہوں نے ہندو پنچائیت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا علاوہ ازیں وڈھ میں ڈی ایس پی وڈھ سکندر علی جمالی سے کامیاب مزاکرات کے بعد قومی شاہراہ پر بیٹھے مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے اس متعلق جھالاوان عوامی پینل کے مزاکراتی کمیٹی کے سربراہ میر نور احمد رئیسانی نے اے سی وڈھ محمد اقبال کھوسہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور واقعہ سے متعلق اے سی وڈھ کو یادداشت پیش کی مزاکراتی کمیٹی میں ڈاکٹر حبیب اللہ خدرانی عبدالستار شاہیزئی سلیم اللہ مینگل اور ٹکری عبدالغفور لانگو بھی شامل تھے اے سے وڈھ نے کہا کہ ہندوتاجر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہیں۔

انشاء اللہ قاتلوں کو بہت جلد گرفتار کریں گے اور علاقہ میں مزید نفری طلب کرکے گشت بڑھا دیا گیا ہے دریں اثناء وڈھ میں ہندو تاجر کے قتل کے خلاف جھالاوان عوامی پینل تحصیل نال کے زیر اہتمام بھی احتجاجی ریلی نکال کر نال بازار میں جلسہ کا انعقاد کیا گیا جلسہ سے جھالاوان عوامی پینل کے مقامی رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچانے کے مطالبہ کیا۔