خضدار/اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی پاکستان کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم نے کہاہے کہ ضلع خضدار میں قومی شاہراہ پر جہاں کہیں بھی روڈ خستہ حال ہے وہاں کی تعمیر مرمت کی جائیگی۔خضدار اس لیئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ این ایچ اے کے لئے مرکزی شہر کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کوئٹہ شاہراہ این 25خضدار رتوڈیرو ایم 8، خضدار بیسیمہ این 30شاہراہیں خضدار سے لنک ہوجاتی ہیں۔
اس لیئے یہ شہر جنکشن ہے اور آمدو رفت کا مرکز ہے، تاہم جہاں کہی کوتاہی ہوگی اور یاکام کے معیار میں کمی محسوس کی جائیگی وہاں این ایچ اے کے آفیسرز کو پابند کیاجائیگا کہ وہ شاہراہوں پر توجہ مرکوز کریں اور ان کی حالت بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائیں۔ خضدار میں این 25قومی شاہراہ پر وہیر کے مقام پر پل کی تعمیر کی گئی ہے او ر اس میں کمی بیشی ہے۔
تو اس حوالے سے میں نے ہدایت جاری کردی ہے کہ مقامی آفیسرز روڈ کا وزٹ کریں اور اس کی مرمت و حالت درست کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز سوشل میڈیا پر ملک بھر سے شہریوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خضدار کے شہری عبداللہ شاہوانی نے چیئرمین این ایچ اے سے سوال کیا کہ خضدار کے علاقہ وہیر کے مقام پر این 25کوئٹہ کراچی شاہراہ کا ایک پل ٹوٹ گیا تھا جس کو تعمیر کے لئے این ایچ اے نے ایک سال کا وقت لگایا طویل مدت کے بعد جیسے ہی اس پل کی تعمیر مکمل ہوئی تو اس پل پر بننے والی روڈ محض ایک ہفتے کے اندر اکھڑ گئی۔
اس غفلت عدم دلچسپی اور غیر معیاری کام کا نوٹس لیں بلکہ یہاں معیاری انداز میں کام کو ترجیح دینے کے لئے اقدامات عمل میں لائیں تاکہ خضدار اورپورے بلوچستان کے عوام اطمینان این ایچ اے کے اقدامات کے حوالے سے مطمئن ہوسکیں۔ جواب میں چیئرمین این ایچ اے کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم کا کہنا تھاکہ یہ بات اب میرے علم میں آئی ہے میں این ایچ اے کے مقامی جی ایم اور دیگر آفیسرز کو ہدایت جاری کرونگا کہ وہ متعلقہ مقام کا جائزہ لیں اور روڈ کی حالت درست کریں۔
ہم نے قبل ازیں سختی سے احکامات جاری کی ہیں کہ کسی بھی غفلت اورکوتاہی سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے اپنی ترجیحات بنائی ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کو عملی جامعہ پنایا جائیگا۔اس سلسلے میں بیسیمہ خضدار روٹ پر کام جاری ہے، ہوشاب، آواران اور آواران لسبیلہ تک سڑکوں کی تعمیر کے لئے حکمت عملی بنائی ہے۔
اور انشاء اللہ آنے والے دونوں میں یہاں آمدو رفت کے لئے بہت بڑی سہولت میسر آئیگی۔ چیئرمین این ایچ اے پاکستان کیپٹن ریٹائرڈ سکند قیوم کا کہنا تھاکہ خضدار قومی شاہراہ پر اگر کہی کوتاہی و کمی ہوئی ہے تو آفیسرز کو ہدایت جاری کی جائیگی کہ اسے فوری درست کیا جائے مقامی آفیسرز اس مقام کا دورہ کرکے شاہراہ کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔