کوئٹہ: بلوچستان دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقوں سمیت نصیرآباد و دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ’بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ بعض علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا جبکہ کیچ میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیانصیرآباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے شہرمیں قومی شاہراہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا پانی تالاب کا منظرپیش کرنے لگا۔
ڈیرہ مراد جمالی شہراورگردونواح میں بارش سے علاقہ جل تھل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا بارش سے بجلی کا نظام معطل ہوگیا ممکنہ موسلادھار بارشوں کے باعث ضلع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ڈپٹی کمشنر اور ایریگیشن دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے۔
محکمہ صحت سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردی گئی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں ایمرجنسی وارڈ قائم کردیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد حافظ محمد قاسم کاکڑ نے بتایا کہ ممکنہ بارشوں کے باعث محکمہ صحت۔محکہ ایریگیشن۔محکمہ زرعی انجینئر نگ سمیت دیگر محکموں کو ہائی الرٹ کردیا ہے پٹ فیڈر اور ربیع کینال میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث بھاری مشنیری کھڑی کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلع کیچ کے لیئے الرٹ جاری کردیا، کیچ کور کے قریب رہنے والے احتیاط اور لوگ شکار پر جانے سے گریز کریں، ڈپٹی کمشنر کیچ کی کوارڈینیشن کے ساتھ تمام ادارے مکمل الرٹ کیئے گئے ہیں جس میں ایف سی ساؤتھ کا تعاون شامل ہے۔پی ڈی ایم اے مکران کے ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ضلع کیچ سمیت مکران ڈویڑن میں اس وقت کوئی ہنگامی صورت حال نہیں ہے۔
البتہ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا تمام ضلعی اداروں کے ساتھ رابطہ ہے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے سمیت دیگر ادارے الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ میں بارشوں کے سبب ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کی ہیں البتہ فی الوقت ایسی کوئی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے جس سے ایمرجنسی پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی ساؤتھ کے تعاون سے دیگر اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن قائم ہے انہوں نے متنبہ کیا کہ کیچ کور کے قریبی آبادی احتیاط کریں اور شکار پر جانے کے شوقین افراد آئندہ کچھ دنوں میں شکار پر جانے سے گریز کریں۔