کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے صوبے کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے ہونے نقصانات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر ریلیف کاکام شروع نہیں ہوا جبکہ صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے اپوزیشن اراکین کومتاثرہ علاقوں کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعلیٰ متاثرہ علاقوں کے دورہ کررہے ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی احمد نواز بلوچ نے حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ بولان،جھل مگسی،مستونگ،نال،وڈھ،ہرنائی،دکی اور ان سے ملحقہ علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں،بولان میں سردار یارمحمدرند اور ان کے لوگ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
جس پر ان کامشکور ہوں تاہم حکومتی سطح پر اب تک ریلیف کاکام شروع نہیں ہواہے حالیہ بارشوں میں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں کرتہ،جھل مگسی اور ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور انسانی جانوں کے ضیاع کی بھی اطلاعات ہیں۔انہوں نے ایوان میں استدعاکی کہ فوری طورپر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کاآغاز کیاجائے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سرداریارمحمدرندکا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں سے بولان ندی میں فی منٹ ایک لاک کیوسک پانی گزررہا تھا جس سے ضلع کچھی میں بڑے پیمانے پر نقصانات اور ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں انہوں نے کہاکہ سیلابی پانی میں بہنے والے افراد بولان ڈیم کے قریب موجود تھے میں نے نقصانات کی بروقت اطلاع وزیراعلیٰ بلوچستان،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو دی وزیراعلیٰ بلوچستان نے گزشتہ روز متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔
اور کل بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیاجائے گاانہوں نے معزز اراکین کو دورے میں شامل ہونے کی دعوت دی انہوں نے کہاکہ بولان میں نیشنل ہائی وے 8سے 10جگہو ں پر متاثر ہواتھا اور متاثرہ علاقوں کو بروقت امداد نہیں ہوسکی ڈی جی پی ڈی ایم اے سے ملاقات میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے پاس جتنا اسٹاک موجود ہیں انہیں متاثرہ علاقوں کو فراہم کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔