|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2020

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کہا ہے کہ بلوچستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا، صوبے میں نئے پولیو کے کیسز باعث تشویش ہے، مزید بچوں کو موذی مرض سے بچانے کے لئے کوتاہیوں کی نشاندہی کرکے موثر اسٹریٹیجی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کے روز ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈنیٹر راشد رزاق بھی موجود تھے جنہوں نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو 5روزہ انسداد پولیو مہم سے متعلق بریفنگ دی۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کے نئے کیسز باعث تشویش ہیں جن کی روک تھام کے لیے اسٹریٹیجی کو مزید موثر بنانا ہوگا اور کمی و کوتاہیوں کی نشاندہی کرکے اس کا تدارک کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز مشاورتی عمل کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔