|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2020

خضدار: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمدخضداری نے کہاہے کہ جب عوام کی محبت و حمایت ساتھ ہو تو دنیاء کی کوئی قوت آپ کے عزائم اور جذبوں کو پست نہیں کرسکتا اور نہ ہی شکست دے سکتا ہے، ہم نے برسوں پہلے ترقی اور علاقہ کی خوشحالی کا نیک مقصد لیکر آگے بڑھنے کا جو فیصلہ کرلیا تھا اسی منزل پر پہنچ کردم لیں گے، طعنہ و تشنیع سے نہ کسی کو منزل دور کیا جاسکتا ہے۔

اور نہ ہی ترقی کے جاری سفر کو روکا جاسکتا ہے۔ ہم یہ با ت دعوے کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ خضدار کے عوام کی نمائندگی اور ان کے برسوں کی ارمان و امیدوں کا بھر پور انداز میں مداوا کررہے ہیں اور انہیں تسلی دے رہے ہیں۔ترقی کا یہ سفر اور سلسلہ آئندہ اس سے بھی زیادہ بڑے آب و تاب کے ساتھ جاری رہیگا۔ ہمیں مہاجر،بیگانگی کے طعنے دینے والے پہلے اپنی پوزیشن واضح کردیں کہ ان کی دلچسپی، اور لگن یہاں کے عوام کے ساتھ کس حد تک ہے۔

وہ بھی عوام کے درمیان میں آکر اپنا پروگرام اور اپنے وژن سے عوام کو آگاہ کردیں۔عوام رٹے ہوئے جملوں، نفرت انگیز او رتعصبات ابھارنے والوں کے ماضی اور حال اورتمام حیثیت سے بخوبی آگاہ ہے او راب لوگ مسترد کرنے میں ایک دقیقہ کی حد تک بھی دیر نہیں لگاتے ہیں۔ لوگو ں کی نگاہیں، صحیح معنوں میں خوشحالی، تعلیم، صحت اور ترقی دینے والی قیادت پر مرکوز رہتی ہیں اور یہی وہ نقطہ ہے۔

جو خضدار کے عوام کی نگاہوں کا مرکز بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بی اے پی کے سینئر رہنماء آغا شکیل احمدخضداری کا کہنا تھا کہ ہماری عوام دوست پالیسی، عوام سے والہانہ عقیدت، اور روزِ روشن کی طرح عیاں سیاسی تاریخ سے خائف سیاسی مخالفین کافی بے چینی اور بے صبری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

سیاسی مخالفین کی عدم برداشت اور تنگ نظری و تعصب کو دیکھتے ہوئے ہمیں ہمارے سیاسی دوستوں و کارکنان کو مذید حوصلہ اور جذبہ مل رہاہے کہ یہی کامیابی کا زینہ ہے کہ آپ کے سیاسی مخالف آپ کی سیاسی وژن او رپروگرام سے پریشانی اور بے چینی محسوس کررہاہواور یہ نشانی سیاسی مخالفین میں بہ اتم موجود اور ان میں پایا جاتا ہے۔آغا شکیل احمدخضداری کا کہنا تھاکہ 2018کا الیکشن ایک جھلک تھا ہمارے لئے اور ہمارے دوستوں کے لئے ماضی اس سے بھی زیادہ روشن اور تابناک ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نصرت و مدد اور عوام کی پیارو محبت سے ہم نے خضدار کے روایتی سیاست کے اند ر بڑے خوبصورت انداز میں نقب لگائی ہے۔

اور اب اس سیاست کو اس کی خوبصورتی کے مطابق لیجانا ہماری سب سے بڑی کوشش اور تمنّا ہے اور یہی ہمارے لئے مشعل راہ بھی ہے۔ کیونکہ سیاست میں دروغ گوئی، دھوکہ دہی، ذاتی مفادات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، سیاست کا منبع و محور عوام ہیں اوراپنی سیاست کو عوام ہی کے تابع بنا کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مختصر مدت میں عوام کو شعورو آگاہی سے ہمکنا ر اور مثبت سوچ سے لبریزکیا ہے اب وہ چالباز اور دھوکہ دینے والے سرکشوں کی بھکا وے میں بالکل بھی نہیں آئیں گے۔ جنہوں نے عوام کو دھوکہ دیا، تعصب کو فروغ دیا،اورجو ان کے منہ میں آیا اسی کی سرٹیفکیٹ لیکر گھومتے رہے۔

زہر اگلتے رہے ان کی سیاست کا قصہ تمام ہونے کو ہے چونکہ عوام ان کی اصلیت اور نفرت انگیز جملوں کی حقیقت سے مکمل طور پر آشکار اور آگاہی حاصل کرچکی ہے انہوں نے کہاکہ سیاست کے ان متعصبین کے لئے ہمارا مشورہ ہے کہ اب وہ اس زہر افشانی سے توبہ تائب ہو کر حقیقی اور سچی سیاست کی پیروی کریں، ورنہ عوام کی غیض وغضب کا انتظار کریں عوام ہی ان کی سیاست کے ”دی اینڈ“ کا اعلان کرنے والی ہے۔