کوئٹہ: دودھ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ،اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی نے ڈیری فارمز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13ڈیری فارمز مالکان کوگرفتارجبکہ 11ملک شاپس کو سیل کردی جبکہ متعدد کو وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ متعین کردہ سرکاری نرخ پر دودھ فروخت نہ کرنے والی ڈیری فارمز کو سیل کرکے گائے اور بھینسوں کو محکمہ لائیواسٹاک کے حوالے کیاجائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز دودھ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے خلاف ڈیری فارمز کے خلاف کارروائی کے موقع پر آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
پیر کے روز اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی سیدہ ندا کاظمی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں واقع 13ڈیری فارمز کے مالکان کو دودھ کی قیمتوں میں اضافے پر گرفتارکرلیاہے اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں گرانفروشی پر 11ملک شاپس دکانیں سیل کردی،انہوں نے متعدد ڈیری فارمز وملک شاپس مالکان کو سختی کے ساتھ وارننگ جاری کی،انہوں نے کہاکہ عوام کو گرانفروشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
حکومتی رٹ برقراررکھنے کیلئے انتظامیہ حرکت میں آئے گی،انہوں نے کہاکہ نرخنامے پر عملدرآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی و غفلت برداشت نہیں کریں گے۔اگر ڈیری فارمز مالکان نے حکومت کی جانب سے متعین کردہ قیمتوں پرعملدرآمد نہ کیا تو مذکورہ ڈیر ی فارم کو سیل کرکے وہاں کی بھینس اور گائے کو لائیواسٹاک کے حوالے کیاجائیگا جبکہ ڈیری فارم مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ گرانفروشوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ تاجر اور دکاندار حضرات گرانفروشی،منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ شدہ اشیا خوردونوش کی خرید وفروخت سے اجتناب کریں سرکاری ریٹ پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔