|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2020

کوئٹہ: صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں لوگوں کو اربوں روپوں سے محر وم کرنے والی جعلی کمپنی تھری الائنس کے بعد پش آن مارکیٹنگ کے نام سے ایک اور فراڈ کمپنی کا انکشاف ہوا ہے، ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان نے جعلی کمپنی کے حوالے سے ملنے والی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فراڈ کمپنی کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان کو پش آن مارکیٹنگ کمپنی کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں جس پر ابتدائی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ مذکورہ بالا کمپنی نے سادہ لوح لوگوں سے موٹر سائیکل بکنگ اور بھاری منافع کے جھانسے پر کروڑوں روپے وصول کئے،ایک بڑی رقم وصول ہونے کے بعد مالکان کاشف اسلم، ظاہر مشوانی، محمد ادریس اور محمد کریم رو پوش ہو گئے۔

نیب بلوچستان نے متاثرین کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے جعلی کمپنی کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم نیب کی جانب سے تمام متاثرین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ اپنے کلیم کی بابت نیب بلوچستان سے رجوع کریں۔ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کاروائی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو اُن کی جمع پونجی سے محروم کرنے والوں کو قانونی کٹہرے میں لایا جائیگا۔

اپنے ذاتی مفاد کے لئے لوگوں کو لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں اپنے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔ نیب بلوچستان قانون کے مطابق متاثرین کے نقصان کے ازالے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیگا، تاہم لوگوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ منافع کا جھانسہ دینے والی کمپنیوں سے حت الامکان بچا جائے، ایسی کسی بھی کمپنی کے بارے میں نیب کو بروقت اطلاع دی جائے تاکہ ان کے خلاف بر وقت کاروائی کی جائے۔