|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2020

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا اجراء ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالر شپ پروگرام ہے جس سے تربت یونیورسٹی سمیت ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے انڈرگریجویٹ پروگرام میں زیرتعلیم لاکھوں طلباء و طالبات مستعفیدہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز تربت یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنسنگ ہال میں منعقدہ وزیراعظم پاکستان احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت تقسیم چیک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رجسٹرارتربت یونیورسٹی غلام فاروق بلوچ،ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز،ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر پرفیسر ڈاکٹرعبدالصبوربلوچ، ڈائریکٹرفنانس شاہ بیک سید،ڈائریکٹرسٹوڈنٹ اسکالرشپ اینڈ فنانشل ایڈآفس عبدالجبار، ڈائریکٹر گوادرکیمپس اعجاز احمد، پی ایس او ٹووائس چانسلرانجیبئربلال الرحمان، ڈپٹی رجسٹرار گنگزاربلوچ،سٹوڈنٹ اسکالرشپ اینڈ فنانشل ایڈآفس کے اسسٹنٹ گنج بخش بلوچ اور اساتذہ کرام کے علاوہ احساس اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کم آمدنی والے گھرانوں کے ہونہارطلبہ وطالبات کو اعلی تعلیم کے حصول کے لئے وظائف دینے کا فیصلہ تربت جیسے دوردرازو پس ماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے لئے ایک انقلابی اقدام ہے جس سے کم آمدنی والے گھرانوں ں سے تعلق رکھنے والے مسحق اور ہونہاربچوں کے لئے اعلی تعلیم کاحصول ممکن ہوگیاہے۔وائس چانسلرنے کہا کہ اس اسکالرشپ کو برقراررکھنے کادارومدارطلبہ کی تعلیمی کارکردگی پرمنحصرہوگا۔

اب انکو پڑھائی کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔وائس چانسلر نے کہاکہ وزیراعظم پاکسان احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام میں نہ صرف ٹیوشن فیس شامل ہے بلکہ طلبہ کو روزانہ کے اخراجات کو پوراکرنے کے لئے وظیفہ بھی دیاجاتاہے۔ڈائریکٹرسٹوڈنٹ اسکالرشپ اینڈ فنانشل ایڈآفس عبدالجبارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اورکہا کہ وزیراعظم پاکسان احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے طلباء۔

و طالبات کی ٹیوشن فیس سمیت تعلیمی اخراجات کے لئے سالانہ چالیس ہزارروپے دیئے جاتے ہیں۔اس سلسلے میں وزیراعظم پاکسان احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں تربت یونیورسٹی کے مین کیمپس تربت اور گوادرکیمپس کے مختلف شعبہ جات سے اسکالرشپ کی کرائٹ ایریاکے تحت اپلائی کرنے والے 650سے زائد طلباء و طالبات کو سیلیکٹ کیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تربت یونیورسٹی میں آٹھ مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے زریعے کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے اور ذہین، قابل اور مستحق طلبہ و طالبات کومالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔تقریب کے آخرمیں پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابر،پروفیسرڈاکٹرعبدالصبوربلوچ،غلام فاروق بلوچ اور شابیک سیدنے طلبہ وطالبات میں چیک تقسیم کئے۔