ڈیرہ اللہ یار: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بین الصوبائی رابطہ میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے ٹرانسپورٹ کے لیے نیا مکینزم لائیں گے معمولی منافع کے لیے انسانی جانوں سے کھیلنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھڑی حادثے کے ردعمل میں اپنے جاری ایک بیان میں کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے قومی شاہراہ اور دیگر مصروف سڑکیں سنگل ہیں تیز رفتاری کے باعث اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں جس میں ٹرانسپورٹرز کا بھی بڑا قصور ہے گاڑی مالکان اپنے ڈرائیورز کو زیادہ سے زیادہ وزن اٹھانے پر مجبور کرتے ہیں مالکان اپنے منافع کے لیے انسانی جانوں کو داو پر نہ لگائیں مٹھڑی حادثہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔
شہداء کے لواحقین کے دکھ کا احساس ہے بلوچستان بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے نئی پالیسی بنائی جائے گی سی این جی پر چلنے والی بسوں ویگن اور دیگر گاڑیوں کے مالکان کو بھی سختی سے ہدایت کرینگے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے سی این جی سلینڈرز کو مدت سے قبل چیک کروائیں اور لوڈنگ اور تیز رفتاری سے گریز کیا جائے اور لوڈنگ اور تیز رفتاری کو روکنے کے لیے پولیس کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔