|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق تحصیلدار، پٹواری اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن(ایپکا) کے صدرکے خلاف نیب کی تحقیقات اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں احتساب عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کی اپیل خارج کر دی ہے، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عبدالحمید بلوچ نے کیس کی سماعت کی۔

سابق تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی عبدالنبی، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن(ایپکا)کے سابق صدر عبدالرزاق اور پٹواری محمد جعفر کو احتساب عدالت کوئٹہ نے سرکاری زمین غیر قانونی طور پر کوڑیوں کیبھاؤ فروخت کرنے کے الزام میں 3 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

جبکہ ملزمان کی جانب سے ہائی کورٹ رجوع کرنے پر سزا کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ملزمان نے حکومت کی جانب سے کلرک ایسوسی ایشن کو ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کے لئے 100 ایکڑ زمین الاٹ کی تھی۔ بعد ازاں ملزمان نے ملی بھگت سے کلرک ایسوسی ایشن کے لئے مختص زمین سے کئی ایکڑ اراضی سابق ممبر صوبائی اسمبلی صادق عمرانی کو کوڑیوں کے بھاو فروخت کر دی تھی۔ نیب کی تحقیقات اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں احتساب عدالت نے ملزمان کو قید با مشقت کی سزا سنائی تھی۔