|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2020

نوشکی: زمیندار ایکشن کمیٹی اور آل پارٹیز نو شکی کی جا نب سے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف میر گل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی،بی این پی کے مرکزی سینٹرل کمیٹی کے رکن میرخورشید جمالدینی،جمعیت علما اسلام کے ضلعی رہنما حافظ عبداللہ گورگیج، بی این پی عوامی کے مرکزی سینٹرل کمیٹی کے رکن میر محمد ایوب بادینی۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میر عبدالرحمن لانگو،جماعت اسلامی کے امیر حافظ مطیع الرحمن مینگل،جمعیت علما اسلام نظریاتی کے رہنما مفتی فدا الرحمن ریکی، نیشنل پارٹی کے رہنما رب نواز شاہ، زمیندار کسان اتحاد کے مرکزی رہنما میر زکریا خان جمالدینی،رخشان سوشل فورم کے کامریڈ جمیل بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی کے ماسٹر رشید مینگل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشکی سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 22گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

واپڈا حکام اپنی کرپشن چھپانے کے لئے بلوچستان کے عوام اور زمینداروں پر واجبات کی عدم ادائیگی کا الزام لگا رہے ہیں جسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بجلی بنیادی ضرورت اور عوام کا حق ہے نوشکی کے عوام واپڈا کے ناروا سلوک کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور اگر بجلی کی سابقہ شیڈول کو بحال نہ کیاگیا تو واپڈا کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی اور آل پارٹیز باقاعدہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔

جس میں احتجاجی دھرنے،شٹرڈاؤن اور پہیہ جام سمیت جمہوری احتجاج کے تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان خود وافر مقدار میں بجلی پیدا کر رہی ہے یہاں سے پیدا ہونے والی بجلی بلوچستان کو دی جائے تو صوبے میں ایک منٹ بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوشکی کے تمام دیہی فیڈرز کے سابقہ بجلی شیڈول کو بحال کیا جائے۔