تربت: محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے کمشنر مکران کے دفتر میں ایک انتہائی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مکران ڈویژن کیلئے http://www.commissionermekran.gob.pk کے نام سے ایک ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب رونمائی عمل میں لائی گئی۔ اس ایونٹ کے مہما ن خاص کمشنر مکران طارق قمر بلوچ تھے جبکہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈویژنل آئی ٹی آفیسر ایاز حاصل خان کے علاوہ ڈسٹرکٹ آئی ٹی آفیسر ضلع گوادر رحمدل بلوچ، ڈسٹرکٹ آئی ٹی آفیسر ضلع کیچ حمل بلوچ، ڈیٹا بیس ڈوویلپر ضلع کیچ مقصود کریم تقریب میں سہولت کاری کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
جبکہ دیگر شرکاء میں مکران ڈویژن کے مختلف محکموں کے سربراہان بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس دوران کمشنر مکران طارق قمر بلوچ نے تقریب میں محکمہ آئی ٹی کے آفسران کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس ویب سائٹ کے قیام سے نہ صرف مکران ڈویژن کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے معلومات میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کے درمیان رابطہ کاری میں بہتری آئے گی۔
اور گڈ گورننس کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن کے تمام محکموں کو اپنی کارکردگی رپورٹ کو باقاعدہ آئی ٹی آفسران کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے تاکہ وہ ان رپورٹوں کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور جدید مواصلات کا دور ہے اور ہم انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنا لوجی کے استعمال سے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لاسکتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے مختلف محکموں کے سربراہان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفاتر میں احتیاطی تدابیر SOPs کو اختیار کرتے ہوئے اپنے دفتری اوقات نامے کی سختی کے ساتھ پابندی کریں۔
اور اپنے عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بناہیں اور غیر حاضر ملازم کی رپورٹ کو باقاعدہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں۔ قبل ازیں ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب میں پریزینٹیشن دیتے ہوئے ضلعی آئی ٹی آفیسر رحمدل بلوچ نے ویب سائٹ کے مختلف فیچرز پر روشنی دیتے ہوئے کہا کہ اس ویب سائٹ کے قیام کا مقصد سرکاری اور دیگر غیر سرکاری اداروں کے علاوہ مکران ڈویژن کے عوام کو سرکاری تقریبات، نوٹیفکیشن اور مختلف حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے صیحح اور مستند معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ویب سائٹ کی تشکیل مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع کیچ، گوادر اور پنجگور کے آئی ٹی آفسران کا مشترکہ کارنامہ ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے مکران ڈویژن کے عوام کی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ آخر میں کمشنر مکران طارق قمر بلوچ نے مکران ڈویژن کے آئی ٹی آفیسر کے ہمراہ کمپیوٹر کا بٹن دبا کر مکران ڈویژن کے پہلے ویب سائٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔