کوئٹہ: سیکرٹری محنت وافرادی قوت سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ ہنر مند افرادی قوت کسی بھی سماج کی اقتصادی ترقی کے لیے شاہ کلید کی حیثیت رکھتی ہے،صنعتی ترقی اور مہارت پر مبنی تربیت سے بلوچستان ترقی کرے گااور روزگارکے مواقع ملیں گے،سکل ڈویلپمنٹ ہی بلوچستان کی تقدیربدل دے گی،نیو ٹیک اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ نوجوانوں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کوئٹہ سمیت صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں نوجوان نسل بالخصوص لڑکیوں کو ٹیکنکل تعلیم اور ووکیشنل تربیت کی فراہمی ناگزیر ہے،یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں نیوٹیک اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،اجلاس میں ڈائریکٹر محنت وافراد ی قوت منظور احمد شاہوانی،ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار جتوئی،ڈپٹی چیف ٹی ٹی بی محمد ریاض،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ محمد شفیع کاکڑ اور دیگر آفیسران نے شرکت کی،سیکرٹری محنت وافراد ی قوت سائرہ عطاء نے کہا کہ صوبے بھر کے ٹیکنکل سینٹروں میں طلباء وطالبات کی انرولمنٹ میں اضافے کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔
فنی اداروں میں امتحانی طریقہ کارمیں جدت لانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں کیونکہ ہنر کی قدر وقیمت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے اورصنعت وحرفت سے وابستہ فنی کاریگروں کی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مانگ بڑھ رہی ہے اس لیے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے محکمہ محنت وافرادی قوت کے فنی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کورسز کو ڈائزائن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کو تیارکرکے بے روزگار ی کی شرح میں کمی لائی جاسکے۔