|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2020

پنجگور: یونیورسٹی آف تربت کے پنجگورکیمپس میں پہلے تعلیمی سال کاآغاز ہوگیاہے۔اس سلسلے میں پنجگورکیمپس میں ایک پروقارتقریب کا انعقادکیاگیاجس کے مہمان خصوصی تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرتھے۔ افتتاحی تقریب میں پنجگورکیمپس کے کوارڈینیٹراور ڈین فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرگل حسن، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد،ڈاکٹرحمزہ بلوچ، اساتذہ کرام، کیمپس انتظامیہ اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب اور کلاسز کے دوران کروناوائرس کے پھیلاو سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کا خصوصی خیال رکھاگیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد پنجگورکیمپس کے پہلے اکیڈمک سیشن میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کاآغازہوگیا جہاں پر تین سو سے زائد طلباء وطالبات قابل اساتذہ کی زیرنگرانی چارڈگری پروگرامز میں معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہاکہ آج کا دن پورے ریجن کے لئے ایک تاریخ ساز دن ہے، آج یہاں سے ایک ایسے خوشگوار سفرکاآغازہواہے جس کی گونج صدیوں تک سنائی دے گی اور اس کے ثمرات سے پنجگورسمیت پورے خطے کے لوگ مستفیدہوں گے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پنجگورکیمپس اپنے ابتداء ہی سے اس مقام پر آپہنچاہے جہاں پہنچنے کے لئے عموما کیمپسز کو نصف دہائیوں کا عرصہ لگ جاتاہے۔پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکاکہناتھاکہ جامعات تین بنیادی عناصر طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ سے مل کربنتے ہیں لیکن ان میں سب سے اہم عنصر طلباء و طالبات ہوتے ہیں جن کے لئے باقی دو عناصر مل کر کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا میں اس کیمپس کا حصہ بننے والے تمام طلباء و طالبات کو اس امید کے ساتھ مبارکبادپیش کرتاہوں کہ آگے چل کر وہ اپنے خاندان اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے مثبت و تعمیری کردار اداکریں گے۔اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے پنجگورکیمپس کے لئے روزاول سے خدمات سرانجام دینے والے رضاکار، عطا مہر، اساتذہ کرام اور کیمپس انتظامیہ سمیت تمام معاونین کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے انکی کاوشوں کو سراہا۔پنجگورکیمپس کے کوارڈینیٹراور ڈین فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرگل حسن نے افتتاحی تقریب سے اظہارخیال کرتے ہوئے تمام طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجگورمیں ایک یونیورسٹی کیمپس کا قیام نہ صرف پنجگور کے لئے ایک تعلیمی انقلاب کا ضامن ثابت ہوگا بلکہ پنجگورکے قریبی اضلاع واشک، خاران اور دیگرعلاقوں کے لوگوں کے لئے بھی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس طرز پر پنجگور کیمپس کی شروعات ہوئی ہے ہمیں قوی امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں اس کیمپس کی ایک الگ شناخت ہوگی جس سے اس ریجن کا نام روشن ہوگا۔

کیمپس کوارڈینیتر کا مزید کہناتھا کہ پنجگورکیمپس کے قیام کے بعد تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکی قیادت میں یونیورسٹی آف تربت کی انتظامیہ نے کیمپس کو ہروہ سہولیات فراہم کی ہیں جوجدیدطرزتعلیم کے حصول کے لئے اہم اور ضروری سمجھے جاتے ہیں جس میں کیمپس لائبریری، تمام کورسز کی کتابیں،تمام سہولیات سے آراستہ جدیدطرز کا کمپیوٹرلیب،ملٹی میڈیا اور دیگر آئی ٹی سامان اور سہولیات شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے کیمپس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے درس و تدریس کے لئے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا۔دریں اثنا اسٹیوڈنٹ افئیرزسیل کی جانب سے طلباء وطالبات کے مابین تربت یونیورسٹی پنجگور کیمپس ضابطہ اخلاق اور کروناوائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر مبنی پمپلٹ تقسیم کئے گئے۔