اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگری کررہا ہے، ہندوستان نے مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر بندشوں کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں صحافت کی آواز دبا ئی جارہی ہے۔
ہندوستان خطے کو امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، پاکستان کے اندر بھی دہشت گردی میں ہندوستان کلبھوشن یادیو کی شکل میں براہ راست ملوث ہے۔وہ بدھ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام ”علاقائی اور عالمی تناظر میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی ڈی کوڈنگ ” کے عنوان سے پینل مباحثہ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سابقہ سیکرٹری خارجہ ریاض حسین کھوکھر، سلیمان بشیر، سابق سفرائعزیز احمد خان اورآصف درانی نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی، مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، پاکستان کے دو ٹوک موقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
پی آئی او شاہیرہ شاہد، ڈی جی ریڈیو پاکستان امبرین جان سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے سنیئر افسران، قومی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ایڈیٹرز اور میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات ونشریات اکبر حسین درانی نے کہا کہ آج کا یہ سیشن ہمیں علاقائی اور عالمی تناظر میں چیلنجز اور آر ایس ایس کی قیادت میں ہندوستانی حکومت کی اشتعال انگیز خارجہ پالیسی کو سمجھنے میں مدد فراہم گا۔
ہندوستان کے اندر کروڑوں افراد پر مشتمل اقلیت کے ساتھ سلوک بھی ساری دنیا کے سامنے ہے،ہندوستان کے اندر آر ایس ایس کے غنڈوں کی جانب سے عوامی مقامات، مذہبی مقامات، تفریحی مقامات حتی کے گھروں گھس کر اقلیتوں بشمول مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جارہا ہے، ان واقعات نے ہندوستانی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، اس صورتحال کے بعد دنیا ہندوستان کو راشٹر انڈیا کے نام سے جاننے لگ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ریاست ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے روابط کا خواہاں ہے اور سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لئے سب سے ذیادہ کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کے افغانستان میں امن کے لئے کردار کا اعتراف کرنے کے ساتھ ساتھ تعریف بھی کررہی ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک پرامن افغانستان کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔
لیکن ہندوستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کو سبوتاز کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرتا آیا ہے،کلبھوشن یادیو جو کہ بھارتی نیوی کا سرونگ افسر ہے کی پاکستان میں موجودگی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف اس کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ ہی ہندوستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ایجنڈا ہے۔ وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کی تمام امن کوششوں کے جواب میں ہمیشہ الزام تراشی کا سہارا لیا۔
جنگ بندی معاہدے، شملہ معاہدے سمیت ہر معاہدے کی خلاف ورزی میں ہندوستان نے پہل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی گئی اور کشمیریوں پر مظالم کے نئے پہاڑ گرائے گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے اندر طویل ترین غیر قانونی لاک ڈاؤن کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دی گئی ہے۔