|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2020

گوادر: ضلع گوادر میں منشیات کے خلاف عوامی مظاہرے اور احتجاجی ریلیوں کا کا سلسلہ جاری ہے، آج تحصیل پسنی کا علاقہ نلینٹ میں نوجوانوں نے منشیات کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور کلانچ میں گھر گھر پھیلتے منشیات کی وباء کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، ریلی میں کلانچ مختلف گاؤں سے آئے ہوئے لوگ شریک رہے جس میں نوجون اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

ریلی کے شرکاء سے مھراللہ جمالی، غفار کلانچی، ریاض کلانچی، ایوب کلانچی، غفار کلانچی، عبدالرحمن،.حافظ اللہ بخش اور چیف درمحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلانچ تمام گاؤں اور دیہاتوں میں ایسا کوئی گھر نہیں بچا ہے جو خطرناک منشیات کی لعنت سے محفوظ ہو۔آٹھ سالہ بچوں سے لیکر ساٹھ سالہ بزرگ تک اس منشیات کی لت میں مبتلا ہوچکے ہیں، حتی کہ گھریلو خواتین بھی منشیات کے عادی ہوچکی ہیں۔

کرسٹار، افیون اور دیگر خطرناک منشیات کلانچ کے تمام گاؤں اور دیہاتوں میں چاکلیٹ اور بسکٹ کی طرح سرے عام بغیر کسی ڈر اور خوف کے بیچا جارہا ہے، مگر انتظامیہ، پولیس، لیویز، انٹی نارکوٹکس اور دیگر متعلقہ اداروں کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے، انھوں نے ضلع انتظامیہ، پولیس، انٹی نارکوٹکس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کلانچ میں منشیات کی فروخت پر فوری طور پر ایکشن لے کر عملی اقدامات کریں۔

بصورت دیگر اہلیان کلانچ سخت ترین احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے. ریلی میں انسداد منشیات کمیٹی گوادر کے ممبران حاجی اعظم کلانچی، نواز کریم، ایوب کلانچی اور سینیئر صحافی اللہ بخش دشتی اور صداقت بلوچ نے بھی شرکت کی۔