کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ اساتذہ نسل نو کی تعلیم و تربیت کو بطور ملازمت ڈیوٹی کی ادائیگی تصور نہ کریں بلکہ قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔یہ بات انہوں نے سلام ٹیچر ڈے کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کہی۔نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خدمت اور فرض سمجھ کرکئے جانے والے کام کو ملازمت سمجھ کر کیا جارہا ہے۔
اساتذہ نسل نو کو تعلیم و تربیت دینے کی اہم ترین ذمہ داری کو ملازمت یا نوکری کی بجائے قومی خدمت سمجھ کر ادا کریں تاکہ صوبے کی آئندہ نسل انسانی اخلاقی اور تعلیمی حوالے سے عالمی معیار پر پورا اترتے ہوئے اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کر ایک ترقی یافتہ سماج بنانے میں کامیاب ہو۔ انہوں نے اساتذہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی وباء کے دوران ہونے والے تعلیمی نقصانات کے ازالے کیلئے اپنی علمی استعدکار اضافہ کرکے تندوہی سے فرائض سرانجام دیں۔