نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر میرخورشید احمد جمالدینی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کی جانب سے 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں آئین و قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے سلوگن کے عظیم الشان اورتاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا۔
جس سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلاف (ف) بلوچستان نیشنل پارٹی پشتونخواملی عوامی پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی،نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی،مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جمعیت علماء پاکستان(نورانی)کے مرکزی سربراہان خطاب کرینگے۔ بیان میں ملک میں حالیہ سنگین صورتحال بالخصوص آمریت اور جمہوریت نواز قوتوں کی کشمکش۔
آئین کی بالادستی،پارلیمنٹ کی سپرمیسی، ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے پی ڈی ایم کی جانب سے اپنی تحریک کا تیسرا جلسہ کوئٹہ میں منعقد کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ عظیم الشان جلسہ وتحریک سلیکٹڈ حکمرانوں کی حکمرانی کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اور بی این پی ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی، قوموں کی برابری، اداروں کی سیاست میں مداخلت کے خاتمے اور غیر جانبدارانہ،آزادانہ،منصفانہ اورصاف شفاف انتخابات کے ذریعے ملک کے عوام کی نمائندہ اور جمہوری حکومت کے قیام تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں تمام بحرانوں کی بنیادی وجہ جمہور کی حکمرانی اور ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن ماننے سے مسلسل انکار ہے اور ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کو پارلیمنٹ کی بجائے اسٹیبلشمنٹ سے طے کرنے کے سبب آج ملک عالمی تناہی کا شکار ہے۔ بیان میں پی ڈی ایم میں شریک تمام سیاسی جمہوری جماعتوں سے پرزور اپیل کی گئی ہیں کہ وہ ملکی تاریخ کے اس حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں پی ڈی ایم کی تحریک اور 25 اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا قومی سیاسی جمہوری فریضہ ادا کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے 25 اکتوبر کا جلسہ عام 2018کے عام انتخابات میں ا سٹیبلشمنٹ کی ایما پر بدترین دھاندلی کے نتیجے میں ملک پر سلیکٹیڈ وزیراعظم اور غیر نمائندہ حکومت مسلط کرنے، آئین کو پامال کرنے، پارلیمان،عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو بے توقیر کرنے اورمیڈیا کی سسنر شپ،ملک کے اقوام عوام پر کمر توڑ مہنگائی، سنگین بیروزگاری،معاشی و سماجی تباہ حالی کی بدترین صورتحال مسلط کرنے۔
ملک کو اقوام عالم میں یکا وتنہا کرنے اور ملک کے خوشحال ترقیافتہ مستقبل کو تباہ کرنیوالے سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیان میں پارٹی کے تمام ضلعوں، یونٹوں، کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25 اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے شب روز محنت کرے اور صوبے کے تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 25اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کرکے اپنافریضہ ادا کریں۔