|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2020

کوئٹہ: آل اتحاد تندور ایسو سی ایشن بلوچستان و تاجران دکانداران بلوچستان کے رہنماؤں نے نان شاپس کو زبردستی بندکرانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کااعلان کیا ہے اگر کسی تندور کو دھمکیاں دی تو وہ انتظامیہ سے رابطہ کریں روٹی کی وزن سے متعلق انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں حتمی فیصلہ ہونے کے بعد نانبائیان اور عوام کوآگاہ کیاجائے گا۔

ان خیالات کااظہار آل اتحاد تندور ایسو سی ایشن بلوچستان کے مولوی خیال محمد،انجمن تاجران ودکانداران بلوچستان کے صدر ٹکری حمید بنگلزئی ودیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند رو ز سے کوئٹہ شہر میں تندور مالکان کا ہڑتال جاری تھا تاہم عوام کی مشکلات اور 12ربیع الاول کی خاطرباقاعدہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن مخالف یونین نے زور زبردستی نان شاپس کو بند کرانے کے لئے ان پر حملہ کیا۔

جس پر ہم نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا ہے انتظامیہ نے کارروائی کے دوران دو ا فراد کوگرفتار بھی کر لیا ہے اس وقت کوئٹہ شہر میں بروری روڈ،جان محمد روڈ،پشتون آباد،کاسی روڈ،نواں کلی،ایئر پورٹ روڈ اور دیگر میں تندورز کھول دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتال سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے کچھ لوگ ہڑتال کی آڑ میں روٹی مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزن اور ریٹ سے متعلق انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاہم پیشر فت ہونے پر عوام اور نانبائیان کو آگاہ کیا جائے گا۔