کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ معدہ،جگراور آنت میں پروفیسر اور ڈاکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا معاملہ،صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے بڑے صاحبزادے سردار زادہ اورنگزیب کھیتران کی سربراہی میں آنے والے میڑھ کو ڈاکٹرز نے قبول کرتے ہوئے آج جمعرات کو او پی ڈی کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران ناسازی طبیعت کے باعث میڑھ میں شرکت نہ کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمن کھیتران کے بڑے صاحبزادے سردار زادہ اورنگزیب کھیتران بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ معدہ،جگراور آنت میں پروفیسر اور ڈاکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ سے متعلق ایک میڑھ لیکر بی ایم سی ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ محمد سلیم ابڑو،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال نور اللہ موسی خیل۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین عبدالحفیظ مندوخیل،بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ کے آرگنائزر ڈاکٹر عبدالمالک کاکڑ اور ایس پی صدر شوکت مہمند کی موجودگی میں ڈاکٹرز سے واقعہ پر افسوس اور معذرت کا اظہار کیا اور کہا کہ والد کی ناسازی طبیعت کے باعث وہ اس سلسلے میں میڑھ لیکر آئے ہیں جس پر ڈاکٹرز نے میڑھ قبول کر لی۔
اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالحفیظ مندوخیل نے سردار عبدالرحمن کھیتران اور ان کے صاحبزادے سردارزادہ اورنگزیب کھیتران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے میڑھ کا اقدام کیا ہے اور معاملے کو رفع دفع کیا جو ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے بلکہ ہم آج جمعرات سے او پی ڈی کے بائیکاٹ کا ا علان اور فیصلہ بھی واپس لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج ڈاکٹرز معمول کے مطابق اوپی ڈی و دیگر میں مریضوں کے علاج و معالجہ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔