|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2020

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ایک وزیر پی ڈی ایم اے کے خلاف قرارداد لائے ہیں، اندازہ نہیں تھا پی ڈی ایم اتنی چھاجائیگی،مراد سعید صاحب جو بھی آئین کے آرٹیکل سکس کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سزا دی جائیگی اس پر بھی قرار داد لائی جائے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک معزز وزیر صاحب،پی ڈی ایم کے خلاف قرارداد لائے ہیں۔

اندازہ نہیں تھا کہ پی ڈی ایم اتنی چھا جائے گی،۔ انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی اس ایوان کا حصہ رہے ہیں ان کا نام لیکر توہین کی گئی،اردو ہماری قومی زبان ہے،جو زبانیں اس ملک میں بولی جاتی ہیں ان کا بھی احترام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کہا جا رہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے میں آزاد بلوچستان کے نعرے لگائے گئے،اچھا ہوا کسی بلوچ نے یہ نعرہ نہیں لگایا نہیں تو پھانسی لگادی جاتی۔

انہوں نے کہاکہ مراد سعید صاحب،آپ ایک قرارداد لائیں کہ جو بھی آئین کے آرٹیکل سکس کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سزا دی جائے گی،جہاں کسی کو اظہار خیال کی اجازت نہ ہو وہ مارشل لاء میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2009 ہیربیار مری پر لندن میں کیس چل رہا تھا اس کی گواہی ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان نے بے گناہی کی گواہی دی تھی،عمران خان نے کہا تھا کہ بلوچستان میں جو مظالم ہورہے ہیں،اگر ہیربیار کی جگہ میں ہوتا تو یہ ہی کہتا،بلوچستان اور سندھ کے جزائرکا ایک ایک انچ صوبے کی ملکیت ہے،کیا قائد اعظم نے یہ خواب دیکھے تھے کہ یہاں پاپا جونز کے پیزے کھائے جائیں گے۔