|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2020

خضدار: سیکریٹری لوکل گورنمنٹ احمد رضاء نے کہاہے کہ محکمہ بلدیات عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات عمل میں لائی جارہی ہیں،یہ وہ فورم ہے کہ جس سے شہری اور دیہی مسائل بہتر انداز میں حل کیا جاسکتا ہے، بلوچستان اربن اور دیہی علاقوں پر مشتمل ہے جہاں مسائل زیادہ سہولیات کم اس کے باوجود دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے مسائل کا احاطہ کیا جارہاہے،خضدار بلوچستان کا اہم اور مرکزی شہر ہے۔

جہاں ماسٹر پلان کے تحت تعمیر و ترقی حکومت کے وڑن میں شامل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں میرغوث بخش بزنجو فیملی پارک کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل میونسپل کارپوریشن خضدار کی جانب سے ایک پْروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں خواتین و بچوں سمیت مرد حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جب کہ اس موقع پر علاقائی گلوکاروں کو بھی دعوت دی گئی تھی۔

تقریب سے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ میر ظفر عزیز زہری، ڈپٹی ڈائریکٹر اختر بلوچ، میونسپل کارپوریشن خضدار کے چیف آفیسر نذر خان زہری ڈویڑنل ڈائریکٹر قلات ڈویڑن محکمہ بلدیات عبدالقیوم عمرانی، طاہرہ احساس جتک روبینہ کریم، سلطان احمد شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔ جب کہ دیگر اعزازی مہمانوں جمعیت علمائے اسلام خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، بی این پی خضدار کے سینئر نائب صدر شفیق الرحمن ساسولی۔

سابق میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد، قبائلی رہنماء سردار محمد طیب زنگی جو، میر منیراحمد محمد زئی مینگل، بی این پی خضدار سٹی کے صدر حاجی محمد اقبال بلوچ،محمد بخش مینگل، سابق پرنسپل بی آر سی خضدار حاجی محمد عالم جتک، جے یوآئی بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد صدیق مینگل،حاجی محمد رمضان موسیانی،بی اے پی کے رہنماء حاجی غلام حسین کرد، انجینئر ہدایت اللہ زہری،انجینئر ظہوراحمد زہری، ایپکا رہنماء منظور نوشاد، عبدالسلام زہری، حاجی بشیر احمد مینگل مزدور رہنماء آغا ذوالفقار شاہ،جے ٹی آئی کے صوبائی رہنماء حافظ جمیل احمد ابرار و دیگر موجود تھے۔ تقریب سے قبل فیتہ کاٹ کر بلدیہ پارک کا افتتاح کیا گیا۔

چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری سپاسنامہ پیش کیا۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ احمد رضا کا کہنا تھا کہ خضدار میں میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر نذار خان زہری اور اس کی ٹیم نے جس طرح کا پارک بنایا ہے اوراس کا سبزہ زار، نشستوں کا اضافہ فوارہ لگانا اس پارک کی خوبصورتی کو دوبالا کردیتا ہے،خضدار جیسے علاقے میں خالصتاً خواتین کے لئے پارک بنانا مثبت پیش رفت ہے، صوبائی حکومت اس طرح کی مذید ترقی کے لئے فنڈز فراہم کریگی۔

آج میں نے خضدار کا دورہ کیا اور اس پارک کو دیکھا جوکہ میرے لئے خوشی کا باعث ہے اس طرح کے اقدامات پورے بلوچستان میں عمل لانے کا پروگرام ہے، ڈی جی لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر ظفر عزیز زہری نے کہاکہ خضدار میرا گھر ہے یہاں ایک خوبصورت پارک کا بنانا اور اسے عام شہریوں کے لئے کھول دینا اچھی پیش رفت ہے،اس طرح کے پارک کا قیام پورے صوبے میں بنانے کی خواہش ہے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کے مطالبے پر یہاں جم بنانے کے لئے بھی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے درخواست کریں گے،انہوں نے میونسپل کارپوریشن خضدار کے چیف آفیسر نذر خان زہری و ان کی ٹیم کے اقدامات کو سراہا اور انہوں نے آج کی پْر وقار تقریب پر بھی میونسپل کارپوریشن کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔